انگلینڈ کے آل راؤنڈر سیم کرن انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق سیم کرن کو آئی پی ایل کی ٹیم پنجاب کنگز نے (22.3 لاکھ ڈالر) 18 کروڑ 50 لاکھ بھارتی روپے دوبارہ حاصل کرلیا۔

بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز اور جارح مزاج مڈل آرڈر بلے باز نیلامی میں دنیا کے ٹاپ کرکٹرز کے انتخاب میں شامل تھے۔

سیم کرن نے ٹوئٹر پر لکھا کہ واپس اس ٹیم میں آگیا، جہاں سے کھیلنا شروع کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق سیم کرن نے جنوبی افریقا کے آل راؤنڈر کرس مورس کا ریکارڈ توڑا تھا، جنہیں راجستھان رائلز نے 2021 میں 16 کروڑ 50 لاکھ روپے میں خریدا تھا۔

تاہم کرس مورس کو اس وقت 22.5 لاکھ ڈالر میں خریدا گیا تھا، حالیہ مہینوں میں مہنگائی اور عالمی اقتصادی بحران کی وجہ سے بھارتی کرنسی میں کمی واقع ہوئی ہے۔

سیم کرن نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ تھے، انہوں نے آخری اوورز میں اپنی مہارت کی بدولت مخالف بلے بازوں کو کھل کر نہیں کھیلنے دیا تھا۔

آل راؤنڈر نے 2019 میں پنجاب کنگز کے ساتھ آئی پی ایل میں ڈیبیو کیا اور پھر چنئی سپر کنگز میں چلے گئے تھے لیکن کمر کی چوٹ کی وجہ سے وہ 2022 کے ایڈیشن میں حصہ نہیں لے سکے تھے۔

سیم کرن کا اسٹرائک ریٹ تقریباً 150 ہے اور انہیں نیلامی کی فہرست میں انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس اور آسٹریلیا کے کیمرون گرین کے ساتھ رکھا گیا تھا۔

پنجاب کنگز کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ وہ بہترین کھلاڑی ہیں، وہ کسی بھی ورلڈ الیون میں کھیل سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اگر وہ دنیا کے بہترین آل راؤنڈر نہیں ہیں تو شاید بہترین آل راؤنڈرز میں سے ایک ہیں، ان کے آنے سے ٹیم میں اچھا توازن قائم ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق نیلامی کی شدید جنگ میں ممبی انڈینز نے آسٹریلیا کے کیمرون گرین کو 17 کروڑ 50 لاکھ (21.1 لاکھ ڈالر) میں خریدا اور وہ دوسرے مہنگے ترین کھلاڑی ثابت ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق کیمرون گرین نے کرک انفو پر کمنٹس میں کہا کہ خود کی نیلامی ہوتے ہوئے دیکھنا کافی عجیب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ممبئی انڈینز کی ٹیم پاور ہاؤسز میں سے ایک ہے لہذا میں ان میں شامل ہو کر فخر محسوس کر رہا ہوں۔

انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس کو چنائی سپر کنگز نے 16 کروڑ 20 لاکھ بھارتی روپے (19.6 لاکھ ڈالر) میں خریدا، وہ رواں برس تیسرے مہنگے ترین کھلاڑی تھے۔

ویسٹ انڈیز کے وکٹ کیپر بلے باز نکولس پوران کو لکھنو سپر جائنٹس نے16 کروڑ بھارتی روپے (19.3 لاکھ ڈالر) میں خریدا جبکہ انگلینڈ کے ہیری بروکس کو سن رائز حیدرآباد کی جانب سے 13 کروڑ 20 لاکھ بھارتی روپے (16 لاکھ ڈالر) میں خریدا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں