شدید دھند کے باعث پاکستان نیوزی لینڈ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ ملتان سے منتقل

اپ ڈیٹ 24 دسمبر 2022
جنوری میں ملتان میں مزید دھند اور اسموگ کا امکان ہے جس کی وجہ سے اسٹیڈیم میں میچ کا انعقاد مشکل ہوگیا ہے — فوٹو: اے ایف پی
جنوری میں ملتان میں مزید دھند اور اسموگ کا امکان ہے جس کی وجہ سے اسٹیڈیم میں میچ کا انعقاد مشکل ہوگیا ہے — فوٹو: اے ایف پی

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ملتان میں شیڈول سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ خراب موسم اور شدید دھند کے باعث ملتان سے منتقل کردیا گیا۔

ملتان سمیت پورا صوبہ پنجاب اس وقت شدید دھند کی لپیٹ میں ہے جس کی وجہ سے آمد و رفت کے مسائل کے ساتھ ساتھ میچز کے انعقاد میں بھی شدید مسائل پیش آسکتے ہیں۔

جنوری میں شہر میں مزید دھند اور اسموگ کا امکان ہے جس کی وجہ سے اسٹیڈیم میں میچ کا انعقاد مشکل ہوگیا ہے۔

کرک انفو کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس حوالے سے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا اور دونوں بورڈز نے میچ کی ملتان سے منتقلی پر اتفاق کیا۔

ابھی تک دوسرے میچ کے وینیو کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا لیکن ممکنہ طور پر سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کی میزبانی بھی کراچی کو ہی دی جاسکتی ہے جو 26 دسمبر سے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کی بھی میزبانی کرے گا۔

ملتان نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کی میزبانی کی تھی اور وہاں دھند یا خراب روشنی کی وجہ سے تو کھیل متاثر نہیں ہوا تھا البتہ فضا کا معیار راولپنڈی سے بھی زیادہ خراب تھا۔

انگلینڈ سے ٹیسٹ میچوں کے دوران دھند کی وجہ سے پرواز چار گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی تھی جبکہ حدنگاہ بھی معمول کے مقابلے میں کم ہوتی تھی، البتہ صبح میچ شروع ہونے تک دھوپ کی بدولت دھند کافی حد تک ختم ہوجاتی تھی۔

انہی مسائل کی وجہ سے میچ کو لاہور میں بھی منعقد نہیں کیا جاسکتا کیونکہ موسم سرما کے دوران وہ بھی دھند اور اسموگ سے شدید متاثر رہتا ہے۔

ایسے میں صرف کراچی اور راولپنڈی ہی میچز کی میزبانی کے لیے سب سے بہتر وینیوز بچتے ہیں کیونکہ ملک کے بقیہ حصوں میں بین الاقوامی کرکٹ کے انعقاد کے حوالے سے مناسب سہولیات میسر نہیں ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 3 جنوری سے کھیلا جائے گا۔

دو ٹیسٹ میچوں کے بعد کراچی میں تین ون ڈے میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں