’دی لیجنڈ: آف مولا جٹ‘ کی بھارت میں نمائش مؤخر

31 دسمبر 2022
فلم نے ریکارڈ کمائی کی ہے—اسکرین شاٹ
فلم نے ریکارڈ کمائی کی ہے—اسکرین شاٹ

بلاک بسٹر پاکستانی پنجابی فلم کی پڑوسی ملک بھارت میں نمائش کو ایک بار پھر نامعلوم وجوہات کی بنا پر مؤخر کردیا گیا۔

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں 13 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا تھا اور فلم نے اب تک دنیا بھر سے 250 کروڑ تک کی کمائی کرلی ہے اور یہ ریکارڈ کمائی کرنے والی پہلی پاکستانی اور پنجابی فلم ہے۔

حیران کن طور پر ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ پاکستان کے مقابلے بیرون ممالک کے زیادہ سینما اسکرین پر پیش کیا گیا تھا۔

اگرچہ فلم کی ٹیم نے خود اس حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا تھا کہ ’دی لیجنڈ: آف مولا جٹ‘ کو بھارت میں ریلیز کیا جائے گا یا نہیں، تاہم دسمبر کے آغاز میں بھارتی میڈیا میں خبریں شائع ہوئی تھیں کہ اسے وہاں ریلیز کیا جائے گا۔

ایک ہفتہ قبل ہی بھارتی میڈیا نے ’زی اسٹوڈیو‘ کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ پاکستانی فلم کو 30 دسمبر کو بھارت میں ریلیز کیا جائے گا، تاہم ایسا نہیں ہو سکا اور اب خبر سامنے آئی ہے کہ اس کی نمائش کو مؤخر کردیا گیا۔

بھارتی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ نے اپنی رپورٹ میں سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (سی بی ایف سی) کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ فلم سینسر بورڈ نے پاکستانی فلم کی نمائش کا اجازت نامہ ہی جاری نہیں کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کسی بھی غیر ملکی فلم کو بھارت میں ریلیز کرنے سے قبل فلم سینسر بورڈ سے سرٹیفکیٹ حاصل کرنا پڑتا ہے، تاہم پاکستانی فلم کا سرٹیفکیٹ حاصل نہیں کیا گیا۔

بھارت میں پاکستانی فلم کی نمائش کے حوالے سے سینما کے ایک گروپ نے تصدیق کی کہ انہیں فلم ڈسٹری بیوشن کمپنی ’زی اسٹوڈیو‘ نے فلم کی نمائش مؤخر کرنے سے متعلق آگاہ کردیا۔

سینما گروپ کے مطابق اگرچہ انہیں بتایا گیا کہ ’دی لیجنڈ: آف مولا جٹ‘ کی نمائش مؤخر کردی گئی، تاہم انہیں فلم کی ریلیز کی نئی تاریخ نہیں بتائی گئی۔

دوسری جانب ’زی اسٹوڈیو‘ نے بھی پاکستانی فلم کی نمائش کو مؤخر کرنے سے متعلق واضح طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا اور نہ ہی بھارتی فلم سینسر بورڈ نے اس حوالے سے کوئی بیان جاری کیا ہے۔

’دی لیجنڈ: آف مولا جٹ‘ کی بھارت میں نمائش کی خبریں آنے کے بعد وہاں کے انتہاپسند ہندوؤں نے دھمکی دی تھی کہ پاکستانی فلم کو نمائش کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ بھارتی فلم سینسر بورڈ پاکستانی فلم کی نمائش کی اجازت کا سرٹیفکیٹ جاری نہیں کرے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں