معیشت، دہشت گردی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے، آرمی چیف

31 دسمبر 2022
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی—فوٹو: ڈان نیوز
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی—فوٹو: ڈان نیوز

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ معیشت اور دہشت گردی کے چینلجز سے نمٹنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز میں قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں 118 ویں مڈشپمین اور 26 ویں شارٹ سروس کمیشن پاسنگ آؤٹ پریڈ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور خطاب بھی کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ ’پاکستان پنے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے اور اس کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز میں قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے تاکہ معیشت اور دہشت گردی کے چینلجز کا مقابلہ کیا جائے‘۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی سلامتی کمیٹی نے دہشت گردوں کو پاکستان کا دشمن قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کو للکارنے والوں کو پوری قوت سے جواب دیا جائے گا اور پاکستان کے قومی مفادات پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی وزرا سمیت مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی تھی۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ملکی معیشت اور امن و امان کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا اور وزیرخزانہ اسحٰق ڈار نے ملک کی معاشی صورت حال اور چیلنجز سے آگاہ کیا۔

انٹیلی جنس اداروں نے ملک میں امن و امان کی مجموعی صورت حال پر بریفنگ دی اور دہشت گردی کی حالیہ لہر سے متعلق عوامل اور ان کے سدباب کے اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا تھا۔

اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ پاکستان کی بقا، سلامتی اور ترقی کے بنیادی مفادات کا نہایت جرأت و بہادری، مستقل مزاجی اور ثابت قدمی سے تحفظ کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے نیول اکیڈمی میں اپنے خطاب میں جوانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ’میری ٹائم کا شعبہ خاص طور پر ٹیکنالوجی کی جدت کی وجہ سے مسلسل تبدیل ہو رہا ہے اور صرف وہی بحریہ کامیاب اور مؤثر ثابت ہوگی جو خود پیشہ ورانہ صلاحیت اور جدید جنگی حربوں سے شناسا ہوگی‘۔

آرمی چیف نے پاکستان نیول اکیڈمی کی کارکردگی سراہتے ہوئے کہا کہ نہ صرف پاکستانی کیڈٹس کے لیے بلکہ دوست ممالک کے کیڈٹس کو بھی معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے جواںوں پر کردار، پیشہ ورانہ صلاحیت اور دو اندیشی اپنانے پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے انعامات تقسیم کیے اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان افسروں کو قائداعظم گولڈ میڈل اور اعزازی شمشیر دے دی۔

پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا استقبال چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی کیا۔

بعد ازاں آرمی چیف نے ملیر گریژن کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے یادگارہ شہدا پر پھول چڑھائے۔

آرمی چیف نے اس موقع پر کراچی کور، رینجرز اور سی اے ایف کے دیگر افسران سے بھی خطاب کیا اور پروفیشنلزم پر توجہ مرکوز کرنے اور جدید جنگی حربوں کی ضرورت کو اجاگر کیا۔

قبل ازیں کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے چیف آف آرمی اسٹاف کا استقبال کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں