ثاقب نثار نے عدل کی کرسی پر بیٹھ کر لوگوں کو انصاف نہیں دیا،ایاز صادق

اپ ڈیٹ 01 جنوری 2023
وفاقی وزیر نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جس دن اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کیا اسی دن کیون نہیں توڑیں—فوٹو: ڈان نیوز
وفاقی وزیر نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جس دن اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کیا اسی دن کیون نہیں توڑیں—فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما ایاز صادق نے کہا ہے کہ ثاقب نثار نے عدل کی کرسی پر بیٹھ کر لوگوں کو انصاف نہیں دیا، ان کا اس جہاں اور اگلے جہاں میں بھی عبرتناک انجام ہوگا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما سردار ایاز صادق کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے عمران خان کے لیے صادق و امین کا فیصلہ دیا تھا مگر اب سامنے آگیا ہے کہ جو شخص توشہ خانہ کی گھڑیاں چوری کرتا ہے، کیا وہ ایماندار ہو سکتا ہے؟

ایاز صادق نے کہا کہ ’ثاقب نثار، تم پر اللہ تعالیٰ کی پکڑ زیادہ ہوگی کیونکہ عدل کی کرسی پر بیٹھ کر تم نے لوگوں کو انصاف نہیں دیا، تمہارا اس جہاں اور اگلے جہاں میں بھی عبرتناک انجام ہوگا۔‘

وفاقی وزیر نے کہا کہ جس بنیاد پر 2018 میں عمران خان نے الیکشن لڑا تھا اب وہ اسٹیبلشمنٹ ایسے انسان پر اعتبار نہیں کر سکتی جس کو ذات سے زیادہ کچھ نظر نہیں آتا۔

ایاز صادق نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک نیا شوشہ چھوڑ دیا کہ قمر جاوید باجوہ نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت بنائی تھی، اگر باجوہ نے ان کی حکومت بنائی تھی تو پھر پرویز الٰہی اور مونس الٰہی نے تو کہا تھا کہ انہوں نے آپ کی حکومت بنائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف عمران خان کہتا ہے کہ امریکا نے حکومت گرائی اور دوسری طرف اپنی لابنگ کرنے کے لیے 25 ہزار ڈالر پر ایک لابسٹ بٹھایا ہوا ہے جو امریکا میں لابنگ کر رہا ہے کہ عمران خان کو معاف کردیں، آئندہ آپ (امریکا) کے خلاف بات نہیں کرے گا۔

وفاقی وزیر نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جس دن اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کیا اسی دن کیوں نہیں توڑیں، کیونکہ تم ڈرتے تھے اور اب تو وہ لوگ بھی ساتھ نہیں جو کہتے تھے کہ ہم نہیں ٹوٹنے دیں گے۔

ایاز صادق نے کہا کہ اگر قومی اسمبلی میں استعفے دینے ہیں تو اسمبلی آؤ اور لکھ کر دو، لیکن جب اسپیکر نے بلایا تو آئے نہیں مگر اب کہتے ہیں کہ استعفے منظور کریں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی خواہش پوری نہیں ہوگی انتخابات وقت پر ہوں گے اور ہمیں کام کرنے دیں زیادہ تنگ نہ کریں اور اب پنجاب حکومت کا سوچو کیونکہ وہاں اعتماد کو ووٹ لینے کے لیے لوگ ہی نہیں ملیں گے۔

ایاز صادق نے کہا کہ میں چوہدری پرویز الٰہی سے بھی کہتا ہوں کہ آپ نے احسان کرکے عمران خان کی حکومت بنائی اب ان کے شر سے ڈریں مگر میں دل سے کہتا ہوں کہ آپ بھی ان سے خوش نہیں مگر بول نہیں سکتے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں