’جدیجا نے انگلی پر دردکُش کریم لگائی‘، بال ٹیمپرنگ الزامات پر بھارتی ٹیم کی وضاحت

اپ ڈیٹ 10 فروری 2023
رویندرا جدیجا نے میچ کے پہلے دن بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 47 رنز کے عوض پانچ وکٹیں لی تھیں — فوٹو: اے ایف پی
رویندرا جدیجا نے میچ کے پہلے دن بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 47 رنز کے عوض پانچ وکٹیں لی تھیں — فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ میں عالمی شہرت یافتہ بھارتی آل راؤنڈر رویندرا جدیجا کی سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ان کو بال ٹیمپرنگ کے الزامات کا سامنا ہے تاہم بھارتی بورڈ کا کہنا ہے کہ آل راؤنڈر نے اپنی انگلی پر درد دور کرنے کی کریم لگائی تھی۔

ناگپور میں آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے پہلے دن رویندرا جدیجا کی ایک فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں انہیں محمد سراج کے ہاتھ سے کوئی چیز لے کر اپنی ہتھیلی پر ملتے دیکھا جاسکتا ہے اور اس کے بعد انہوں نے گیند کرانے سے قبل اس چیز کو اپنی شہادت کی انگلی پر لگایا۔

تاہم ویڈیو میں کہیں بھی ان کو وہ چیز گیند پر ملتے نہیں دیکھا گیا حالانکہ اس وقت گیند ان کے ہاتھ میں ہی تھی۔

یہ فوٹیج جس وقت کی ہے اس وقت تک آسٹریلیا کی ٹیم 120 رنز پر پانچ وکٹیں گنوا چکی تھی اور جدیجا آسٹریلین بلے بازوں مارنس لبوشین، اسٹیو اسمتھ اور میٹ رینشا کی وکٹیں لے چکے تھے۔

ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے کے بعد میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے جدیجا کو کپتان روہت شرما اور ٹیم منیجر کے ہمراہ مذکورہ فوٹیج دکھائی، تاہم ابھی تک بھارتی باؤلر پر کوئی بھی چارج نہیں لگایا گیا۔

انڈین ٹیم مینجمنٹ نے آئی سی سی میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو بتایا کہ رویندرا جدیجا نے اپنی شہادت کی انگلی پر درد دور کرنے کی کریم لگائی۔

اس معاملے پر سوشل میڈیا کے ساتھ ساتھ فاکس اسپورٹس سمیت آسٹریلین میڈیا پر شدید بحث جاری ہے اور کچھ حلقوں کی جانب سے شکوک کا اظہار کیا گیا کہ شاید جدیجا نے آسٹریلیا کے بدنام زمانہ سینڈ پیپر اسکینڈل کی طرح گیند پر قانون کے برخلاف کوئی چیز لگائی۔

آسٹریلین میڈیا نے سیریز کے پہلے ہی دن جدیجا پر بال ٹیمپرنگ الزامات عائد کرتے ہوئے آئی سی سی اور میچ ریفری سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

ان تمام قیاس آرائیوں کے باوجود ابھی تک آسٹریلین ٹیم یہ معاملہ میچ ریفری کے علم میں نہیں لائی لیکن پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق میچ ریفری کسی قسم کی شکایت کے بغیر بھی معاملے کی آزادانہ تحقیقات کر سکتا ہے۔

کرکٹ کے قوانین کے مطابق باؤلر کو اپنے ہاتھوں پر کسی بھی قسم کی چیز کو لگانے سے قبل امپائر کی اجازت درکار ہوتی ہے تاکہ گیند کی اصل حالت کو برقرار رکھا جاسکے۔

رویندرا جدیجا نے انجری سے صحتیابی کے بعد پانچ ماہ بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں شاندار طریقے سے واپسی کی ہے اور پہلی اننگز میں آسٹریلین بیٹنگ لائن کو درہم برہم کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

انہوں نے صرف 47 رنز کے عوض پانچ وکٹیں لیں اور آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 177 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

گیند کے بعد جدیجا نے بلے سے بھی عمدہ کھیل پیش کیا اور دوسرے دن کے اختتام تک 66 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت بھارت نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بنا کر میچ میں 144 رنز کی بڑی برتری حاصل کر لی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں