سکھر کی مقامی عدالت نے اداروں کی تضحیک اور عوام کو اکسانے کے الزام پر دائر درخواست پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز کو 10مارچ کو طلب کرلیا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ضلع سکھر کے صدر ایڈووکیٹ ظہیر بابر نے گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف سکھر کی مقامی عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

آج درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ممتاز سولنگی نے مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز ، ایس ایچ او ماڈل ٹاؤن ، ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر سائبر کرائم، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی) اور ایس ایس پی سکھر کو 10 مارچ کو طلب کرلیا۔

سیشن کورٹ نے اداروں کی تضحیک اور عوام کو بغاوت پر اکسانے کا معاملہ مریم نواز کو 10 مارچ کو پیش ہونے کے لیے نوٹس جاری کر دیا۔

درخواست گزار ظہیر بابر نے مؤقف اختیار کیا کہ مریم نواز نے 24 فروری کو جلسے میں اپنی تقریر کے دوران اداروں کے خلاف بات کی اور اداروں کی تضحیک کی جبکہ عوام کو اداروں کے خلاف اور بغاوت پر اکسانے کی کوشش کی۔

اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ میں بھی مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی تھی۔

بعد ازاں 27 فروری کو لاہور ہائی کورٹ نے مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کی درخواست قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر درخواست گزار وکیل کو دلائل پیش کرنے کے لیے کل تک کی مہلت دی تھی۔

مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کی جانب سے مبینہ طور پر سپریم کورٹ کے ججوں کو اسکینڈلائز کرنے کی کوشش پر ایک وکیل نے ان کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔

درخواست گزار ایڈووکیٹ شاہد رانا نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ مدعا علیہ نے سرگودھا میں حالیہ جلسہ عام کے دوران اپنی تقریر میں عدالت عظمیٰ کے ججوں کے خلاف ’توہین آمیز‘ الفاظ استعمال کیے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام ٹیلی ویژن چینلز اور پرنٹ میڈیا نے مدعا علیہ کی تقریر نشر کی۔

واضح رہے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا تھا کہ اصل سازش نواز شریف کے خلاف ہوئی تھی جس کا سرغنہ جنرل (ر) فیض حمید تھا جس نے خود کو پاکستان کا چیف آف آرمی اسٹاف مقرر کرلیا تھا۔

سرگودھا میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا تھا کہ اصل میں جو سازش ہوئی تھی وہ نواز شریف کے خلاف ہوئی تھی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے جلسے میں اسکرین پر تصاویر دکھاتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ وہ چہرے تھے جنہوں نے نواز شریف کے خلاف سازش کی تھی اور جو اسکرین پر 5 کا ٹولہ نظر آرہا ہے آج پاکستان کے حالات کے ذمہ دار یہ لوگ ہیں‘۔

تبصرے (0) بند ہیں