پی ایس ایل 8: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بہترین باؤلنگ کے باجود ناکام، قلندرز کی 17 رنز سے جیت

02 مارچ 2023
سکندر رضا نے شان دار بیٹنگ کی—فوٹو: پی ایس ایل/ٹوئٹر
سکندر رضا نے شان دار بیٹنگ کی—فوٹو: پی ایس ایل/ٹوئٹر
لاہور قلندرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 131 رنز بنا سکی—فوٹو: اے ایف پی
لاہور قلندرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 131 رنز بنا سکی—فوٹو: اے ایف پی
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلرز نے قلندر کی 50 رنز پر 7 وکٹیں گرادی تھیں—فوٹو: پی ایس ایل/ٹوئٹر
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلرز نے قلندر کی 50 رنز پر 7 وکٹیں گرادی تھیں—فوٹو: پی ایس ایل/ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2023 کے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی 17 رنز سے شکست دے دی جبکہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قلندرز کو 148 رنز تک محدود کردیا تھا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے پی ایس ایل کے 18 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

لاہور قلندرز کو پہلا نقصان 5 رنز پر اٹھانا پڑا جب فخرزمان رن آؤٹ ہوئے، انہوں نے ایک چوکے کی مدد سے صرف 4 رنز بنائے تھے۔

عمید آصف نے فخرزمان کو رن آؤٹ کرنے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو کو دوسری کامیابی مرزا بیگ کی وکٹ کی صورت میں حاصل کی۔

لاہور قلندرز کے بلے باز مسلسل آؤٹ ہوتے رہے اور 16 کے اسکور پر سیم بلنگز صرف 2 رنز بنا کر نوین الحق کی گیند پر آٹ ہوئے۔

حسین طلعت بھی 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد قلندرز کی 4 وکٹیں 28 رنز پر گر گئی تھیں۔

مشکل وقت میں کپتان شاہین شاہ آفریدی اور عبداللہ شفیق نے مختصر شراکت بنائی۔

گزشہ دو میچوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عبداللہ شفیق بھی 15 رنز بنا کر 45 کے اسکور پر محمد نواز کی وکٹ بنے۔

قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 16 رنز بنائے اور عبداللہ شفیق کے ساتھ شراکت ختم ہوتے ہی وہ بھی 47 کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔

گلیڈی ایٹرز کے آل راؤنڈر محمد نواز نے ڈیوڈ ویزے کو 50 کے اسکور پر آؤٹ کرکے قلندرز کو ساتواں نقصان پہنچایا۔

سکندر رضا اور راشد خان نے اچھی بیٹنگ کی اور ٹیم کا اسکور 119 رنز تک پہنچایا۔

راشد خان نے 21 رنز کی اننگز کے ساتھ سکندر رضا کا بھرپور ساتھ دیا۔

اوڈین اسمتھ نے راشد خان کی 21 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا، جس کے بعد قلندرز کا اسکور 8 وکٹوں پر 119 رنز تھا۔

قلندرز کی جانب سے حارث رؤف بغیر کھاتہ کھولے نسیم شاہ کی وکٹ بنے جبکہ دوسرے اینڈ سے سکندر رضا نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

آخری نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے زمان خان بھی سکندر رضا کے ساتھ شراکت میں ایک رن بھی نہیں جوڑ پائے اور آخری اوور کی دوسری گیند پر صفر پر آؤٹ ہوئے۔

سکندر رضا نے لاہور قلندرز کی ٹیم کو مکمل تباہی سے ضرور بچایا لیکن دوسرے اینڈ سے ان کا کوئی ساتھ نہیں دے پایا۔

لاہور قلندرز کی پوری ٹیم آخری اوور 148 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

سکندر رضا نے آؤٹ ہوئے بغیر 71 رنز بنائے۔

گلیڈی ایٹرز کے نوین الحق اور محمد نواز نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر نے بظاہر ایک آسان ہدف کے تعاقب میں اچھا آغاز فراہم کیا۔

پہلی وکٹ کی شراکت میں 53 رنز بنے جبکہ حارث رؤف نے یاسر خان کی 14 رنز کی اننگز کا خاتمہ کیا۔

راشد خان جلد ہی 55 کے اسکور دوسرے بلے باز ول اسمیڈ کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا، جنہوں نے 25 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنائے تھے۔

تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ اور مارٹن گپٹل شراکت قائم کرنے کی کوشش کرتے دکھائی دیے مگر فخرزمان نے محمد حفیظ کو رن آؤٹ کرکے ان کے ارادے خاک میں ملا دیے۔

افتخار احمد بھی ناکام ہوئے اور صرف 3 رنز بنا کر 64 کے اسکور پر سیم بلنگز کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔

مارٹن گپٹل نے 20 گیندوں پر 15 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 80 تک پہنچایا مگر ڈیوڈ ویزے نے ان کو آؤٹ کرکے گلیڈی ایٹرز کی پانچویں وکٹ حاصل کرلی۔

کپتان سرفراز اور اوڈین اسمتھ نے 25 رنز کی شراکت قائم کی اور اسکور 105 رنز تک پہنچایا۔

اوڈین اسمتھ 11 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے، یہ ان کی دوسری وکٹ تھی۔

محمد نواز بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرپائے اور 4 رنز پر حارث رؤف نے انہیں بولڈ کیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے عمید آصف نے 11 رنز بنا کر کپتان سرفراز کا ساتھ دیا لیکن ٹیم کو آخری اوور میں جیت دلانے میں ناکام رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 131 رنز بنا سکی اور 17 رنز سے شکست کھا گئی۔

سرفراز احمد 27 اور عمید آصف 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

لاہور قلندرز کی جانب حارث رؤف نے سب سے زیادہ 3 اور راشد خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

سکندر رضا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں