پاکستان کے نوجوان اداکار نعیم حق کا کہنا ہے کہ وہ جب بھارت سے اداکاری سیکھ کر پاکستان واپس آئے تو ہمایوں سعید نے انہیں کام دینے سے انکار کردیا تھا۔

نجی ٹی وی ایکسپریس کے پروگرام ’دی ٹاک شو‘ میں میزبان نے سوال کیا کہ ’آپ بھارت اداکاری سیکھنے گئے تھے، کیسا رہا تجربہ؟‘

جس پر اداکار نعیم حق نے جواب دیا کہ ’بھارت میں اداکاری سیکھنے کے لیے روزانہ 6 گھنٹے (صبح 9 سے شام 6 بجے تک) تربیت دی جاتی تھی، جس میں موسیقی، ایکشن سین، کامیڈی کے علاوہ بہت سکھایا جاتا تھا، اُس وقت میں سوچتا تھا کہ ٹی وی پر اداکاری دیکھ کر بہت آسان لگتی ہے لیکن اصل میں بہت مشکل ہے‘۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ’بھارت میں میرا اداکاری سیکھنے کا تجربہ بہت اچھا تھا، بہت کچھ سیکھنے کو ملا‘۔

اداکار نے بتایا کہ ’بھارت سے واپس پاکستان آنے کے بعد سب سے پہلے میں نے ہمایوں سعید کا نمبر لیا اور انہیں کال کرکے بولا کہ میں بھارت سے اداکاری سیکھ کر آیا ہوں، تو میں چاہتا ہوں کہ آپ کے ساتھ ڈرامے میں کام کروں‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’ ہمایوں سعید نے جواب دیا کہ ’ابھی آپ اداکاری پڑھ کر آئیں، آپ نے کام تو نہیں کیا‘۔

نعیم حق نے مزید بتایا کہ ’میں نے فون بند کیا اور کہا کہ یا اللہ! کبھی میں اس بندے کے ساتھ فلم کروں، پھر میں بتاؤں گا، بعدازاں میں نے ہمایوں سعید کے ساتھ فلم ’یلغار‘ کی اور بہت اچھا تجربہ رہا‘۔

جس پر میزبان نے سوال کیا کہ ’کیا ہمایوں سعید آپ کی فون کال والی بات سے رضامند ہوگئے تھے؟‘۔

نعیم حق نے جواب دیا کہ ’میں نے اُس بات کا ہمایوں سعید کے ساتھ کبھی ذکر نہیں کیا‘۔

یاد رہے نوجوان اداکار نعیم حق نے اپنی اداکاری کا آغاز 2016 میں ڈراما ’سنگ دل‘ سے کیا اور بعدازاں 2017 میں فلم ’یلغار‘ میں بھی اداکاری کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں