چاہت فتح کا ’کہانی سنو‘ سن کر مداحوں کو آئمہ بیگ کی آواز اچھی لگنے لگی

چاہت فتح علی خان سے قبل آئمہ بیگ نے بھی کہانی سنو گایا تھا—فوٹو: انسٹاگرام
چاہت فتح علی خان سے قبل آئمہ بیگ نے بھی کہانی سنو گایا تھا—فوٹو: انسٹاگرام

معروف گلوکار کیفی خلیل کے شہرت یافتہ معروف گانے ’کہانی سنو‘ کو کامیڈین چاہت علی خان کی آواز میں سن کر مداحوں کو گلوکارہ آئمہ بیگ کی آواز بہتر لگنے لگی۔

کیفی خلیل نے ابتدائی طور پر ’کہانی سنو‘ کو جنوری 2021 میں ریلیز کیا تھا، جسے کافی سراہا گیا تھا۔

بعد ازاں کیفی خلیل نے اسی گانے کو نئے انداز میں جون 2022 میں بھی ریلیز کیا تھا۔ ان کے مذکورہ گانے کو بہت پسند کیا گیا اور اسے دیگر گلوکاروں نے بھی گاکر شہرت حاصل کرنے کی کوشش کی۔

دسمبر2022 میں گلوکارہ آئمہ بیگ نے بھی ’کہانی سنو‘ کو گایا تھا، جس پر لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انہوں نے کیفی خلیل کے زبردست گانے کو ہی ختم کردیا۔

بعد ازاں ’کہانی سنو‘ کو ڈچ گلوکارہ ایما ہیسٹرز اور بعد ازاں بھارتی گلوکارہ سواتی مشرہ نے بھی گایا تھا جب کہ کچھ عرصہ قبل ہی مذکورہ گانا یوٹیوب پر ٹاپ ٹین گلوبل گانوں کی فہرست میں بھی شامل ہوا تھا۔

اب ’کہانی سنو‘ کو کامیڈین چاہت فتح علی خان نے اپنی آواز میں گاکر شائقین کو محظوظ کرنے کی کوشش کی، تاہم ان کی آواز میں گانے کو سن کر لوگوں کو آئمہ بیگ سمیت باقی تمام گلوکاروں کی آواز بہتر لگنے لگی۔

چاہت فتح علی خان کا ’کہانی سنو‘ ورژن سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور لوگوں نے اس طرح طرح کے تبصرے کرکے اپیل کی کہ کوئی چاہت فتح علی خان کو حیدرآباد کے گدو جیل میں چھوڑ کر آئے۔

بعض صارفین نے ان کی آواز پر تبصرے کرتے ہوئے لکھا کہ ان کے پاس اتنا ٹیلنٹ شروع سے تھا یا ان میں اب یہ ٹیلنٹ آیا ہے۔

اسی طرح بعض افراد نے لکھا کہ کاش اسے ایک بار الطاف بھائی سن لیں۔

بعض صارفین نے لکھا کہ ان کا گانا سن کر کیفی خلیل رو رہے ہوں گے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

تبصرے (0) بند ہیں