وزیر اعظم نے کپاس کی قیمت 8500 روپے فی من مقرر کرنے کی منظوری دے دی

14 مارچ 2023
شہباز شریف نے موٹرسائیکل اور رکشہ مالکان کو کم نرخوں پر پیٹرول فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا—فائل فوٹو: پی آئی ڈی
شہباز شریف نے موٹرسائیکل اور رکشہ مالکان کو کم نرخوں پر پیٹرول فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا—فائل فوٹو: پی آئی ڈی

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کپاس کے کاشتکاروں کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کپاس کی رواں سال قیمت ساڑھے 8 ہزار روپے فی من (40 کلو) مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔

ڈان اخبار میں شائع سرکاری خبررساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق زرعی ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس معاملے کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کے سامنے ترجیحی بنیادوں پر رکھا جائے، انہوں نے صوبوں پر زور دیا کہ وہ کپاس کی نئی قیمت پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کپاس کو ملک کے ٹیکسٹائل سیکٹر میں ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس اقدام سے کاشتکاروں کو خاطر خواہ مدد ملے گی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ سال سیلاب، شدید بارشوں، نہری پانی کی کمی اور کھاد کے بحران کی وجہ سے کپاس کی پیداوار میں غیر معمولی کمی واقع ہوئی جبکہ رواں سال کپاس کی مجموعی پیداوار کا تخمینہ ایک کروڑ 28 لاکھ بیلز لگایا گیا ہے۔

مفت آٹا پیکج

دریں اثنا ایک علیحدہ اجلاس میں وزیراعظم نے فیصلہ کیا کہ وفاقی حکومت رمضان المبارک کے دوران اسلام آباد کے 10 لاکھ مکینوں میں گندم کا آٹا مفت تقسیم کرے گی۔

وزیر اعظم نے کم اور متوسط آمدنی والے طبقے پر مہنگائی کے اثرات کو کم کرنے کے اقدامات پر غور کرنے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مذکورہ افراد کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے کوشاں ہے، انہوں نے سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں کو اس اسکیم کا حصہ بننے کی دعوت دی۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں تاکہ مفت گندم کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ماہ رمضان کے دوران اسلام آباد کے مضافات میں گندم کے آٹے کی مفت فراہمی کا پروگرام آخری مراحل میں ہے جس سے تقریباً ڈیڑھ لاکھ گھرانے مستفید ہوں گے۔

وزیراعظم نے موٹرسائیکل اور رکشہ مالکان کو کم نرخوں پر پیٹرول فراہم کرنے کا فیصلہ بھی کیا جن کے لیے علیحدہ طور پر ایک ریلیف پروگرام تیار کیا جاچکا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں