معروف اداکارہ عائشہ عمر نے اپنی منفرد ’ناک کی نتھ‘ پر تنقید کرنے والے افراد کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ زمانہ کچھ بھی کہے لیکن اب وہ ناک کی نتھ کو نہیں چھوڑنے والی۔

عائشہ عمر کی ناک کی نتھ پر ایک سوشل میڈیا پیج کی جانب سے تنقید کی گئی تھی اور اداکارہ کو مخاطب کرتے ہوئے ان سے سوال کیا گیا تھا کہ انہوں نے یہ کیسا فیشن اپنایا ہے؟

پیج کی جانب سے عائشہ عمر کی ناک کے نتھ کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا تھا کہ اگر دنیا میں ذہنی بیماری کا کوئی چہرہ ہے تو وہ عائشہ عمر کی مذکورہ تصویر ہے۔

ساتھ ہی پیج کی جانب سے عائشہ عمر کو مینشن کرتے ہوئے ان سے سوال کیا گیا تھا کہ انہوں نے یہ کیسا فیشن اپنایا؟

پیج کی جانب سے تنقید کیے جانے اور سوال پوچھے جانے پر اداکارہ نے اسے کرارا جواب دیا اور انسٹاگرام اسٹوری میں اپنا موقف بیان کیا۔

اداکارہ نے محبت سے پیج کو جواب دیا کہ ’ان کے منفرد فیشن اپنانے سے معاشرے میں دماغی بیماری تو پھیلے گی اور وہ اسے دور کرنے کی کوشش کر رہی ہیں‘۔

ساتھ ہی اداکارہ نے لکھا کہ لیکن اب وہ کسی صورت میں منفرد ناک کی نتھ کو نہیں چھوڑنے والی، وہ ان کی زندگی کا مستقل حصہ بن چکی۔

عائشہ عمر نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’کیوں کہ اب انہوں نے ناک نہیں کٹوانی، اس لیے وہ مذکورہ نتھ کو نہیں چھوڑیں گی‘۔

عائشہ عمر کی جس نتھ پر تنقید کی گئی تھی، اسے اداکارہ نے چند دن قبل اپنی آنے والی فلم ’منی بیک گارنٹی‘ کی پروموشنل تقریب کے دوران پہنا تھا۔

عرب فیشن اور انداز سے مشابہت رکھنے والی ناک کی نتھ کو انہوں نے اپنے کانوں تک جیولری کی طرح پہن رکھا تھا۔

وہ اپنی منفرد ناک کی نتھ کی وجہ سے پروموشنل تقریب میں توجہ کا مرکز بھی رہیں اور ان کے منفرد اسٹائل سے لوگ جہاں محظوظ ہوئے، وہیں انہیں اداکارہ کا فیشن سمجھ بھی نہیں آیا اور انہوں نے ان سے استعمال کرنے کا طریقہ بھی پوچھ ڈالا۔

اداکارہ نے تقریب میں صحافیوں اور یوٹیوبرز کو ناک کی نتھ پہننے اور استعمال کرنے کا طریقہ بھی بتایا اور ان کی طریقہ بتانے کی ویڈیو وائرل بھی ہوگئی۔

اداکارہ کی جانب سے منفرد فیشن اپنانے پر زیادہ تر لوگوں نے ان کی تعریفیں کیں اور لکھا کہ وہ ناک کی نتھ کے ساتھ پرکشش دکھائی دے رہی ہیں۔

خیال رہے کہ ان کی کامیڈی ایکشن فلم ’منی بیک گارنٹی‘ عیدالفطر پر ریلیز ہوگی، فیصل قریشی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں فواد خان، حنا دلپذیر، علی سفینہ، شایان خان، میکال ذوالفقار، گوہر رشید اور جان ریمبو شامل ہیں۔

منی بیک گارنٹی 7 افراد کی زندگیوں کے گرد گھومتی ہے، یہ فلم نہ صرف پاکستانیوں کے لیے بلکہ پوری دنیا کے لوگوں سے متعلق ہے۔

فلم کی خاص بات یہ ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شہنیرا اکرم ڈیبیو دے رہے ہیں۔

فلم میں پختون کا کردار پاکستانی اداکار میکال ذوالفقار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں