بھارت: فوجی اڈے پر 4 اہلکاروں کے قتل میں ملوث فوجی گرفتار

17 اپريل 2023
ابتدائی تحقیقات سے پتا چلتا ہے کہ یہ بظاہر ذاتی وجوہات یا دشمنی کی وجہ سے ہوا۔—فوٹو:رائٹرز
ابتدائی تحقیقات سے پتا چلتا ہے کہ یہ بظاہر ذاتی وجوہات یا دشمنی کی وجہ سے ہوا۔—فوٹو:رائٹرز

بھارت کی شمالی سرحدی ریاست پنجاب میں پولیس نے گزشتہ ہفتے فوجی اڈے پر چار اہلکاروں کی ہلاکت کے سلسلے میں ایک فوجی کو گرفتار کرلیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی خبر کے مطابق بھارتی پولیس نے اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔

ان چاروں فوجی اہلکاروں کو بدھ کی صبح بٹھنڈہ کے فوجی اڈے پر بیرکوں میں سوتے ہوئے گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔

ضلعی پولیس سربراہ نے صحافیوں کو بتایا کہ شبہ ہے کہ یہ ہلاکتیں ’ذاتی دشمنی‘ کی وجہ سے ہوئیں۔

اگر ملزم مجرم پایا گیا تو اسے فوج سے بے دخلی، سول عدالتوں میں کورٹ مارشل اور فوجداری مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ ان مقدمات میں اسے زیادہ سے زیادہ عمر قید یا سزائے موت بھی ہو سکتی ہے۔

اپنے ایک بیان میں بھارتی فوج نے کہا کہ پوچھ گچھ کے دوران فوجی نے حملے میں استعمال ہونے والی رائفل چوری کرنے اور چار ساتھیوں کو قتل کرنے میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔

اس میں مزید کہا گیا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتا چلتا ہے کہ یہ بظاہر ذاتی وجوہات یا دشمنی کی وجہ سے ہوا۔

اس میں کہا گیا کہ ملزم سپاہی نے پولیس کو بتایا کہ اس نے 9 اپریل کو چوری کی گئی رائفل کو 12 اپریل کو شوٹنگ میں استعمال کرنے سے قبل سنٹری ڈیوٹی کے دوران چھپا دیا تھا۔

بعد ازاں اس نے ہتھیار کو گندے پانی کے جوہڑ میں پھینک دیا جہاں سے اسے برآمد کیا گیا۔

بھارتی فوج نے مزید کہا کہ سپاہی نے یہ کہہ کر خود سے شک دور کرنے کی کوشش کی تھی کہ اس نے 2 آدمیوں کو بھاگتے ہوئے دیکھا۔

اس میں مزید کہا گیا کہ بھارتی فوج میں اس طرح کی بے ضابطگی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے، فوج نے اپنے بیان میں قانون کے مطابق سزا کو یقینی بنانے کا عزم کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں