پاکستان کے نوجوان اداکار اتابیک محسن ترکش ڈرامے ’کویوبیاز‘ کی مرکزی کاسٹ میں شامل ہوگئے ہیں، یہ ڈراما 7 مئی کو ٹی آر ٹی پلیٹ فارم پر نشر ہوگا۔

اداکار اتابیک محسن اس سے قبل ڈراما سیریل ’بھڑاس‘، ’پردیس‘ اور ’بدنصیب‘ سمیت ہم ٹی وی اور اے آر وائے ڈیجیٹل کے متعدد ڈراما سیریلز میں کام کرچکے ہیں۔

تاہم اب وہ ترکیہ کے ڈرامے ’کویوبیاز‘ کی مرکزی کاسٹ میں شامل ہوگئے ہیں جہاں وہ اپنا ڈیبیو دیں گے۔

ترکش کامیڈی ڈراما سیریز میں اتابیک کے ساتھ پاکستان کے سینئر اداکار عتیقہ اوڈھو اور توثیق حیدر بھی کاسٹ میں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ مشہور ترک اداکار نیسا بولوکباشی اتاکان ہوگورین، اتابق محسن اور ایبرو اکیل جیسے مایا ناز نام ہوں گے۔

یہ ڈراما 7 مئی کو ٹی آر ٹی ڈیجیٹل میں نشر ہوگا۔

اتابیک محسن اس ڈرامے میں فرحان کا کردار ادا کررہے ہیں، ایک پریس ریلیز میں انہوں نے بتایا کہ ’اس ڈرامے میں کام کا تجربہ شاندار رہا، میں نے بہت کچھ سیکھا، اگرچہ ابتدائی دنوں میں ترکیہ زبان میں بات کرنا اور کام کرنا تھوڑا مشکل تھا کیونکہ اس زبان سے متعلق مجھے خود سمجھ نہیں تھی لیکن اب چیزیں بہتر ہوگئی ہیں‘۔

انہوں نے سیٹ پر کام کرنے کے اپنے تجربے کے بارے میں بتایا کہ ’میرے ڈائریکٹر اور ٹیم کے دیگر لوگ بہت اچھے ہیں، جو کام کو بہترین کرنے کی کوشش میں لگے رہتے ہیں، اداکار نے عتیقہ اوڈھو اور توثیق حیدر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے ان کے ساتھ بھی کام کرنا موقع ملا‘۔

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

نوجوان اداکار نے کہا کہ ’مجھے امید ہے کہ اس سے دیگر پاکستانی فنکاروں کے لیے ترکیہ میں کام کرنے اور مستقبل میں ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مزید مشترکہ پروڈکشنز کے لیے راہ ہموار ہوگی‘۔

اگرچہ سیریز کی کہانی ابھی تک واضح نہیں ہے، تاہم ناظرین کے لیے یہ سیریز یقینی طور پر دلچسپی کا باعث ہوگی۔

یہی نہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان ایک اور ترک سیریز ’صلاح الدین ایوبی‘ پر بھی کام جاری ہے۔

سیریز کے پروڈیوسر ہمایوں سعید ہیں، انہوں نے بتایا تھا کہ ممکن ہے کہ وہ ڈرامے کی کچھ اقساط میں اداکاری کرتے دکھائی دیں گے۔

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

ان کا کہنا تھا کہ ’صلاح الدین ایوبی‘ ڈراما آج تک پاکستان کا کسی بھی دوسرے ملک کے ساتھ شوبز کا سب سے بڑا مشترکہ منصوبہ ہے اور ڈرامے کی شوٹنگ کے لیے بہت بڑا سیٹ تیار کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈرامے کی شوٹنگ 6 ماہ میں مکمل ہونے کی امید ہے جب کہ رواں سال کے اختتام تک یا پھر ایک سال کے اندر ہی اسے پہلے ترکیہ اور ایک سال بعد اسے پاکستان میں نشر کیا جائے گا۔

ترک ڈراموں کو پاکستان میں جو پذیرائی حاصل ہوتی ہے، اورشائقین اسے بے حد شوق سے دیکھتے ہیں، کئی ترک ڈراموں نے پاکستانی ناظرین کے دلوں میں جگہ بنائی جس میں ارطغرل غازی اور کورولش عثمان کے علاوہ عشقِ ممنوع، فریحہ اور عائشہ گُل سمیت دیگر شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں