عمران خان سر سے پاؤں تک جھوٹا، مکار اور محسن کش آدمی ہے، وزیر اعظم

اپ ڈیٹ 07 مئ 2023
شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی کا جھوٹ پوری قوم کے سامنے آرہا ہے — فوٹو: ڈان نیوز
شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی کا جھوٹ پوری قوم کے سامنے آرہا ہے — فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم شہباز شریف نے سابق وزیراعظم پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان سر سے پاؤں تک جھوٹا، مکار آدمی ہے، چیئرمین پی ٹی آٗئی کا جھوٹ قوم کے سامنے آرہا ہے۔

لندن میں اسکاٹش فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ حمزہ یوسف سے ملاقات بہت اچھی رہی، وہ نوجوان ہیں، ان میں بہت جذبہ ہے، اسکاٹ لینڈ برطانیہ کا اہم حصہ ہے، پاکستان کے برطانیہ کے اور اسکاٹ لینڈ کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، یہاں 70 سے 80 ہزار پاکستانی موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بہت جلد انویسٹمنٹ کانفرنس بلا رہے ہیں، جس میں ٹریڈ، ایجوکیشنل اور خاص طور پر ٹیکنیکل ایجوکیشن کے حوالے سے تعاون پر غور کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس انویسٹمنٹ کانفرنس میں پانی، سولر اور ونڈ انرجی کے شعبوں میں اسکاٹ لینڈ کی بہت مہارت ہے، ان فیلڈز میں تعاون حاصل کریں گے۔

خود پر عمران خان کی حکومت کے دور میں برطانیہ میں بنائے گئے کیس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے نہیں بلکہ اس کیس میں پاکستان کے عوام کو سروخرو کیا، مجھ پر جھوٹے، بے بنیاد الزامات کی بنیاد پر کیس بنایا گیا، این سی اے نے 2 سال تک تحقیقات کیں، اس کے بعد مجھے کلین چٹ ملی۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے پاکستان کی بدنامی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی، اللہ تعالیٰ نے ملک کو سروخرو کیا جس بدنامی کے لیے اس نے بے شمار پیسہ او ر وقت ضائع کیا، تمام حربے استعمال کیے، ملک کی عزت نہ صرف محفوظ رہی بلکہ اس میں اضافہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کا جھوٹ پوری قوم کے سامنے آرہا ہے، سر سے پاؤں تک جھوٹا، مکار اور محسن کش آدمی ہے، ضرور اللہ کی پکڑ ہوگی۔

وزیراعظم کی اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف سے ملاقات

قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسکاٹ لینڈ کے فرسٹ منسٹر حمزہ یوسف سے لندن میں ملاقات کی، انہوں نے حمزہ یوسف کو اہم عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ حمزہ یوسف کے انتخاب سے اسکاٹ لینڈ اور برطانیہ میں برٹش پاکستانی کمیونٹی کا اہم اور مثبت کردار اجاگر ہوا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا جس میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، آبی وسائل، متبادل توانائی کے شعبوں میں تعاون اور دونوں اطراف کے عوام کے درمیان روابط شامل ہیں۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے تعلیم، ہنر اور قابل تجدید ذرائع میں مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے کے لیے باہمی تعاون سے کام کرنے پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے اسکاٹ لینڈ میں موجود پاکستانی تاجروں کے اہم کردار پر بھی بات ہوئی۔ ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اس سلسلے میں اسکاٹ لینڈ میں سرمایہ کاری کانفرنس منعقد کرنے اور اسکاٹ لینڈ میں پاکستان کی قابل تجدید توانائی کی صلاحیت کو دکھانے کے لیے الگ سے ایک روڈ شو کا اہتمام کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔

وزیر اعظم نے گزشتہ سال تباہ کن سیلاب کے دوران فراخدلانہ تعاون اور امداد پر اسکاٹش حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے حمزہ یوسف کو دورہ پاکستان کی پرخلوص دعوت دی جسے انہوں نے بخوشی قبول کر لیا۔

حمزہ یوسف اسکاٹش نیشنل پارٹی کی قیادت کرتے ہیں اور انہیں مارچ میں اسکاٹش پارلیمنٹ نے اسکاٹش حکومت کی سربراہی کے لیے منتخب کیا تھا، وہ پاکستانی نژاد پہلے برطانوی شہری ہیں جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں