نامور اداکارہ عائشہ عمر نے اعلان کیا کہ وہ دو ہفتوں کے لیے سوشل میڈیا سے وقفہ لے رہی ہیں، ان دونوں وہ صرف اپنے آپ کے ساتھ وقت گزاریں گیں۔

اداکارہ نے سوشل میڈیا سےدوری اختیار کرنے کی اطلاع انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے دی، انہوں نے لکھا کہ ’ہیلو! میرے دوستوں اور میرے ناقدین، میں آج رات سے دو ہفتوں کے لیے سوشل میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کررہی ہوں، اس دوران میرے پاس نہ موبائل فون ہوگا، نہ انٹرنیٹ، واٹس ایپ/سوشل میڈیا، ٹیکنالوجی اور نہ میرا کسی سے کسی قسم کا رابطہ ہوگا‘۔

اداکارہ نے مداحوں کو بتایا کہ ان کی غیر موجودگی میں کام سے متعلق وہ کن سے رابطہ کرسکتے ہیں جبکہ ذاتی نوعیت کے حوالے سے ایمرجنسی کی صورت میں والدہ اور دوست سے رابطہ کریں۔

عائشہ عمر نے کیپشن میں لکھا کہ وہ اگلے 14 روز کے لیے میں سوشل میڈیا سے دور رہ کر خود کے ساتھ وقت گزارنا چاہتی ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ ذہنی، جسمانی، روحانی، جذباتی، کیمیائی، کمرشل لحاظ سے خود کو تازگی دینے کے لیے وہ 14 روز کے دوران صرف خود کے ساتھ وقت گزاریں گیں۔

نامور شوبز شخصیات آئے روز اپنی ذہنی اور جسمانی صحت کو ترجیح دیتے ہوئے مخصوص وقت کے لیے سوشل میڈیا سے دوری اختیار کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔

ماہ رمضان سے قبل اداکارہ اور میزبان انوشے اشرف نے ’روحانی پاکیزگی‘ کے لئے سوشل میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کی تھی، انہوں نے لکھا تھا کہ رمضان کے برکت والے مہینے سے قبل میں اپنے دل و دماغ اور روح کی پاکیزگی کے لیے سوشل میڈیا سے ایک ہفتے کے لیے وقفہ لے رہی ہوں۔

یاد رہے کہ پاکستانی فلم و ٹیلی ویژن کی اداکارہ ایمان علی نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سوشل میڈیا سے خوش نہیں ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ سوشل میڈیا پر لوگ دوسروں کی توہین کرتے ہیں۔

یہی نہیں بلکہ اداکارہ اشناہ شاہ نے بھی اپنی شادی کے بعد کچھ ہفتوں کے لیے سوشل میڈیا اکاؤنٹس عارضی طور پر بند کردیا تھا، یاد رہے کہ اشنا شاہ کو اپنی شادی کے جوڑے کی وجہ سے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

بعد ازاں اداکارہ نے ذہنی صحت کے لیے سوشل میڈیا سے دور رہنے کا اعلان کیا تھا، اشنا شاہ نے لکھا تھا کہ ’میں ذہنی سکون کی خاطر اس سے کچھ عرصے کے لئے کنارہ کشی اختیار کررہی ہوں، اب کچھ وقت شوہر حمزہ امین اور اپنے سسرالیوں کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔‘

سوشل میڈیا سے عارضی طور پر دور رہنے کا رجحان صرف پاکستانی فلم اور ڈراما انڈسٹری میں ہی نہیں بلکہ ہالی ووڈ میں بھی یہ رجحان پایا جاتا ہے۔

امریکی گلوکارہ اور اداکارہ سلینا گومز سوشل میڈیا بلاگنگ سائٹ انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی خاتون اداکارہ بننے کے بعد سوشل میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔

ان کے سوشل میڈیا پر 38 کروڑ 40 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں۔

گلوکارہ سلینا گومز نے ٹک ٹاک کی لائیو ویڈیو پر مداحوں کو بتایا کہ میں سوشل میڈیا سے ایک بار پھر وقفہ لے رہی ہوں، یہ ایک پچگانہ چیز ہے لیکن میں اب 30 برس کی ہوگئی ہوں اور اب اس سب کے لیے میں بہت بڑی ہوچکی ہوں’۔

شوبز شخصیات سوشل میڈیا سے دوری اختیار کیوں کرتے ہیں؟

دنیا بھر کے شوبز ستارے مختلف سوشل ویب سائٹس سے جُڑے رہتے ہیں اور اپنے خیالات، روزوشب کا احوال، اپنی تصاویر انہی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پوسٹ کرتے ہیں۔

یہ شوبز ستارے سوشل میڈیا پر آئے دن خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں، مداحوں کی جانب سے انہیں کبھی سراہا جاتا ہے تو کبھی شدید تنقید کا بھی نشانہ بنایا جاتا ہے۔

اس دوران ان کی ذہنی صحت پر بھی اثر پڑتا ہے، اسی لیے شوبز شخصیات کچھ وقت کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے دوری اختیار کرکے اپنے قریبی دوستوں، اہل خانہ اور خود کے ساتھ وقت گزارنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

کیا سوشل میڈیا ذہنی صحت کو متاثر کرتا ہے؟

دنیا بھر میں ایک اندازے کے مطابق 3 ارب 60 کروڑ افراد سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں، یہ ایک ایسا ذریعہ ہے جس کی مدد سے ہم اپنے دوست احباب، مداحوں کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں۔

سوشل میڈیا انسانی زندگی کا اہم حصہ بن گیا ہے، لیکن اس کا زیادہ استعمال سے ہماری ظاہری شخصیت سے متعلق منفی جذبات اور خیالات پیدا ہوسکتے ہیں۔

سوشل میڈیا دماغی صحت پر کتنا اثر انداز ہوتا ہے اس پر ایک حالیہ تحقیق سے پتہ چلتا ہے سوشل میڈیا زیادہ استعمال کرنے سے ذہن پر منفی اثرات پیدا ہوسکتے ہیں، تاہم کچھ وقت کے لیے اس سے دور رہنا فائدہ مند ہوسکتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں