مقبول اداکارہ عروسہ قریشی نے شادی کی خواہش مند لڑکیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پیا گھر سدھار جانے سے پہلے ’فیمنزم‘ سے متعلق اپنی سوچ صاف کریں اور یہ فیصلہ کرلیں کہ شادی کے بعد انہیں جوتے اٹھانے ہیں کہ نہیں۔

عروسہ قریشی نے ندا یاسر کے شو ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں دیگر مہمانوں کے ساتھ شرکت کی، جہاں انہوں نے شادی کی خواہش رکھنے والی لڑکیوں کو شادی کے بعد کی زندگی بہتر بنانے کے مفید مشورے بھی دیے۔

پروگرام میں جہاں تین ماہر خواتین کو نئی لڑکیوں کو مفید تجاویز دینے کے لیے مدعو کیا گیا تھا، وہیں تین نئی نویلی فرضی دلہنوں کو بھی بلایا گیا تھا، جنہیں ماہر خواتین نے شادی کے بعد خوشگوار زندگی گزارنے کے طریقے بتائے۔

اداکارہ عروسہ قریشی نے نئی نویلی فرضی دلہنوں کو نئے گھر جاکر سسرال والوں کو عزت دینے اور بدلے میں عزت لینے کی مفید تجاویز دیں اور بتایا کہ یہ پرانا اصول ہے کہ عزت کے بدلے ہی عزت ملتی ہے۔

انہوں نے نئی نویلی فرضی دلہنوں کو مخاطب ہوتے ہوئے انہیں بتایا کہ وہ شادی کے بعد ایک نئے گھر میں جائیں گی، جس طرح کوئی بھی بچہ نئے اسکول جاتا ہے تو پہلے ہی دن ہر چیز نہیں سیکھ پاتا، اسی طرح لڑکیاں بھی شادی کے بعد نئے گھر جاکر پہلے دن سب کچھ نہیں سیکھ پاتیں۔

عروسہ قریشی نے لڑکیوں کو کہا کہ جس طرح اسکول میں سیکھنے کی کوشش کی جاتی ہے، اسی طرح نئے گھر میں جاکر وہاں کی چیزیں سیکھنے کی کوشش کریں۔

اداکارہ نے اس بات پر زور دیا کہ دراصل لڑکیوں کی شادی کے بعد ان کے والدین کی تربیت کا اندازہ ہوتا ہے اور لڑکیوں کے نئے گھر میں لائف اینڈ اسٹائل سے معلوم ہوتا ہے کہ والدین نے ان کی کیسی تربیت کی ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد ہی معلوم ہوتا ہے کہ لڑکیوں کی والدین نے کس طرح تربیت کی ہے اور انہیں کیا سمجھایا گیا ہے کہ شادی کے بعد نئے گھر جاکر کسی کو مار کر آنا ہے یا مر کر آنا ہے؟

عروسہ قریشی نے لڑکیوں کو سمجھایا کہ شادی سے پہلے ہی ’فیمنزم‘ سے متعلق اپنی سوچ صاف کرلیں اور اسے سمجھیں کہ وہ کیا ہے؟

انہوں نے نئی نویلی فرضی دلہنوں کو سمجھایا کہ انہیں شادی سے قبل ہی اس بات کا فیصلہ کرلینا چاہئیے کہ انہیں شادی کے بعد جوتے اٹھانے ہیں کہ نہیں، انہیں کھانا پکانا ہے کہ نہیں اور یہ کہ انہیں ساس کو چائے دینی ہے کہ نہیں۔

اداکارہ نے لڑکیوں پر اس بات کا زور دیا کہ وہ نئے گھر جاکر دوسروں کو عزت دینا نہ چھوڑیں، کیوں کہ عزت دینے کا فائدہ ہی ہوتا ہے اور دوسرے لوگوں کو ایک دن یہ معلوم ہوجاتا ہے کہ انہیں عزت دی جا رہی ہے۔

عروسی قریشی کے مطابق دیر یا جلد دوسرے لوگوں کو علم ہوجاتا ہے کہ انہیں عزت دی جا رہی ہے، بعض اوقات عزت دینے والے کی موت کے بعد بھی دوسروں کو علم ہوجاتا ہے کہ وہ عزت دینے والا شخص تھا۔

اداکارہ نے اپنی شادی شدہ زندگی کی مثال پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی ساس اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں جب کہ وہ خود گریجوئیٹ ہیں اور شادی کے بعد انہوں نے ساس سے بہت کچھ سیکھا اور ان کے شوہر کی والدہ نے انہیں ہمیشہ ہر بات سکھائی اور کبھی برا نہیں منایا۔

عروسہ قریشی کی جانب سے لڑکیوں کو شادی سے قبل فیمنزم کو سمجھنے اور انہیں مفید مشورے دیے جانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور لوگوں نے اس پر دلچسپ رد عمل کا اظہار بھی کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں