میں نے ہزاروں اچھے شو کیے، ان میں کی گئی بات وائرل نہیں ہوتی، ندا یاسر

اپ ڈیٹ 06 ستمبر 2021
ندا یاسر کے مطابق وائرل ہونے والا کلپ 6 سے 7 سال پرانا ہے—فائل فوٹو: فیس بک
ندا یاسر کے مطابق وائرل ہونے والا کلپ 6 سے 7 سال پرانا ہے—فائل فوٹو: فیس بک

معروف مارننگ شو کی میزبان ندا یاسر نے پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے اور شدید تنقید کے حوالے سے شکوہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے ہزاروں اچھے شو کیے مگر ان میں کی گئی بات وائرل نہیں ہوتی۔

خیال رہے کہ چند روز قبل ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں ندا یاسر ’فارمولا ریسنگ کار‘ اور انگریزی کے لفظ ’فارمولا‘ میں فرق کو سمجھ نہیں پا رہی تھیں۔

میزبان کی پرانی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ٹوئٹر پر ’ندا یاسر‘ کے نام کا ٹرینڈ ٹاپ فہرست میں بھی شامل ہوا اور لوگوں نے ان پر خوب تنقید کی تھی۔

مزید پڑھیں: ’فارمولا کار‘ پر ندا یاسر کی لاعلمی، پرانی ویڈیو وائرل

جہاں لوگوں نے ندا یاسر پر تنقید کی، ساتھ ہی وہیں ان کا مذاق بھی اڑایا گیا تھا اور چینل انتظامیہ سے میزبان کو ہٹانے کا بھی مطالبہ کیا گیا تھا۔

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے ندا یاسر نے بتایا کہ وائرل ہونے والا کلپ 6 سے 7 سال پرانا ہے اور انہیں بالکل بھی اندازہ نہیں ہے کہ یہ اچانک کیسے نمودار ہوا اور پھر وائرل ہوگیا۔

ندا یاسر کا کہنا تھا کہ وہ ٹوئٹر پر نہیں ہیں اور انہیں کسی دوسرے ذریعے سے پرانی ویڈیو وائرل ہونے کا علم ہوا۔

مارننگ شو ہوسٹ کا کہنا تھا کہ ’یہ کلپ دیکھ کر تو میں خود ہنس رہی ہوں، یہ مجھے بھی مضحکہ خیز لگ رہا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: تنہا شو کرنے کے بجائے ندا یاسر کا مہمانوں کے ساتھ پروگرام

انہوں نے کہا کہ یہ غلطی ہوگئی تھی اور اس غلطی پر میں ہنس رہی ہوں، آئندہ کوشش کروں گی کہ مکمل تحقیق کرکے بات کروں۔

ندا یاسر نے مزید کہا کہ 'یہ اتنی پرانی بات ہے کہ صحیح طرح یاد بھی نہیں کہ ہوا کیا تھا، اگر مجھے یاد ہوتا تو میں کچھ بتا سکتی تھی کہ یہ کن حالات میں ہوا تھا، کیا مسائل تھے، ایسا کیا ہوا تھا کہ وہ بالکل اس طرح سے انجانوں کی طرح سوال کررہی ہیں‘۔

میزبان نے مزید کہا کہ مجھے ایک بات کا شکوہ ہے کہ میں نے ہزاروں بہت اچھے شو کیے ہیں، جس کا فیڈ بیک بھی بہت اچھا آتا ہے، مگر ان میں کی گئی کوئی بات کبھی بھی وائرل نہیں ہوتی اور اس پر مجھے بہت زیادہ دکھ ہوتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں