• KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:56pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 4:28pm
  • ISB: Zuhr 12:04pm Asr 4:33pm
  • KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:56pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 4:28pm
  • ISB: Zuhr 12:04pm Asr 4:33pm

بچوں کو پالنا آسان، انہیں پیدا کرنا مشکل ہے، نادیہ خان

شائع May 26, 2023
— فوٹو: گڈ مارننگ پاکستان، فیس بک
— فوٹو: گڈ مارننگ پاکستان، فیس بک

معروف ماڈل، اداکارہ و ٹی وی میزبان نادیہ خان نے کہا ہے کہ بطور والدہ انہیں لگتا ہے کہ بچوں کو پیدا کرنے کے مقابلے ان کی پرورش کرنا آسان کام ہوتا ہے۔

نادیہ خان نے دیگر اداکاراؤں فریدہ شبیر اور فرح ندیم کے ساتھ ندا یاسر کے شو ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں شرکت کی، جہاں تمام اداکاراؤں نے بطور والدہ اپنے تجربات بیان کیے اور بتایا کہ بچوں کی پیدائش اور ان کی پرورش کس قدر ذمہ داری کا کام ہے۔

پروگرام میں شریک ہونے والی تمام اداکاراؤں نے اعتراف کیا کہ بچوں کی پرورش کے لیے سب سے مشکل مرحلہ پہلے بچے کے بعد ہوتا ہے، کیوں کہ اس وقت خواتین کو بچوں کے حوالے سے کوئی تجربہ نہیں ہوتا اور وہ خود بھی کم عمر ہوتی ہیں۔

اداکارہ نادیہ خان نے اعتراف کیا کہ پہلے بچے کی پیدائش کے بعد وہ ڈپریشن میں چلی گئی تھیں، کیوں کہ ان کی خطرناک طریقے سے ڈیلیوری ہوئی تھی اور یہ کہ انہیں بہت ساری چیزیں سمجھ نہیں آرہی تھیں کہ کس کام کو کس طرح سر انجام دینا ہے۔

ان کے مطابق ان کی والدہ اس وقت تک زائد العمر اور علیل ہوچکی تھیں جب کہ ان کے والد بھی ضعیف تھے، جس وجہ سے انہیں کسی دوسرے قریبی شخص کی مدد اور رہنمائی بھی حاصل نہ رہی۔

انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ انہوں نے نا سمجھی کی وجہ سے ابتدائی طور پر پہلی بیٹی کو وہ پیار اور توجہ نہ دی جو ایک ماں کی جانب سے دی جانی چاہیے لیکن بعد میں انہوں نے بیٹی کی بہترین پرورش کی۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے بچے کی پیدائش کے وقت انہیں بھی بچوں سے متعلق زیادہ معلومات نہیں تھی، اس لیے انہیں ابتدا میں بیٹی کو پالنے میں مشکل پیش آئی اور ایک طرح سے وہ بچی کی پرورش کو اپنی ذمہ داری سمجھتی ہی نہیں تھیں، لیکن آہستہ آہستہ انہیں احساس ہوا کہ بچے کی پرورش مکمل ان کی ذمہ داری ہے۔

ایک سوال کے جواب میں نادیہ خان نے مذاق میں کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ بچوں کو پالنا پھر بھی آسان کام ہوتا ہے لیکن انہیں پیدا کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔

انہوں نے بچوں کی پیدائش کو مشکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ دوران حمل ماں کو 9 مہینے کھانسی اور بلغم رہتا ہے، انہیں دوسری طبی پیچیدگیاں بھی ہوجاتی ہیں، اس لیے انہیں لگتا ہے کہ بچوں کو پیدا کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ لیکن بچوں کو پیدا کرنا اور ان کی پرورش کرنا ہی خواتین کی خوبصورتی ہے اور یہ کہ ہمارے ملک میں تاحال خاندانی نظام چل رہا ہے، جس وجہ سے بچوں کو پیدا کرنے والی خواتین کو اپنے بزرگوں اور دوسرے رشتے داروں کی مدد مل جاتی ہے۔

خیال رہے کہ نادیہ خان دو جوان بچوں کی ماں ہیں، ان کی بڑی صاحبزادی کا نام علیزے جب کہ بیٹے کا نام اذان ہے۔

نادیہ خان کے دونوں بچے ان کے پہلے شوہر سے ہیں، اداکارہ و میزبان کی پہلی دونوں شادیاں طلاق پر ختم ہوئی تھیں، جس کے بعد انہوں نے جنوری 2021 کے آغاز میں تیسری بار فیصل راؤ سے شادی کی تھی اور ان کی بھی اداکارہ سے دوسری شادی ہے، ان کی پہلی شادی بھی طلاق پر ختم ہوئی تھی اور ان کو بھی پہلی بیوی سے بچے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 11 ستمبر 2024
کارٹون : 10 ستمبر 2024