25 کروڑ عوام کو زرداری اور نواز شریف کے سہارے نہیں چھوڑا جا سکتا، فواد چوہدری

31 مئ 2023
فواد چوہدری اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے—فوٹو: ڈان نیوز
فواد چوہدری اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے—فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے علیحدگی اختیار کرنے والے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے شاہ محمود قریشی سمیت دیگر رہنماؤں سے رابطوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ صورت حال کا حل نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ 25 کروڑ عوام کو آصف زردای اور نواز شریف کے سہارے نہیں چھوڑا جا سکتا ہے۔

فواد چوہدری نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے حالات میں 9 مئی کے بعد اقدامات ہوئے ہیں، ہم سب نے 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس کی سخت مذمت کی ہے، جو عناصر اس میں شامل ہے، اس کے خلاف کارروائی جاری ہے اور قانون اپنا راستہ لے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ شفاف تحقیقات جو بھی ہوں گی اور اس میں جو معاملات ہوں گے وہ آگے بڑھے گا۔

پی ٹی آئی کے سابق رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان 25 کروڑ کی آبادی کا ملک ہے، عوام کو آصف زرداری اور نواز شریف کے سہارے نہیں چھوڑا جا سکتا ہے اور موجودہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں پر عوام کو کسی صورت نہیں چھوڑا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر معاشی، سیاسی اور آئینی حوالے سے غیریقینی ہوئی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ پی ڈی ایم حکومت اس کی براہ راست ذمہ دار ہے۔

’ملک کو اس بحران سے نکالنے کیلئے ہم اپنی کوششیں کریں گے‘

فواد چوہدری نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی طور پر ممکن نہیں ہوگا کہ ہم ان حالات میں اس حکومت کی اپوزیشن خالی چھوڑ دی جائے اور پاکستان کے اندر شریف، زرداری یا فضل الرحمٰن کو کھل کھیلنے کا موقع دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے نتیجے میں پاکستان میں غربت بڑھے اور اگلی نسلیں بحران کا شکار ہوں گی تاہم یہ بحران حل کرنے کے لیے ہم اپنی کوششیں کریں گے۔

’پی ٹی آئی کی سابق قیادت سے بات ہوئی، شاہ محمود سے ملنے آئے ہیں‘

فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارا جو نظریہ ہے اس کے لیے ضروری ہے ہم اس کے ساتھ کھڑے ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج پی ٹی آئی کی سابق قیادت کے ساتھ ہماری گفت شنید ہوئی ہے، اسد عمر کے ساتھ تفصیلی گفتگو ہوئی ہے، پرویز خٹک، اسد قیصر، علی زیدی، حماد اظہر، فرخ حبیب، شہزاد وسیم، عاطف خان، شہرام ترکئی اور تمام لوگوں سے تفصیلی بات ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہاں شاہ محمود قریشی سے ملنے آئے ہیں، ان سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی ہے اور ہمارا ماننا ہے کہ پاکستان کو ایک مستحکم حل کی طرف جانا ہے اور حل نکالنا ہے۔

’ہمیں حل کی طرف جانا ہے اور دیکھتے ہیں کیسے حل نکال پاتے ہیں‘

پی ٹی آئی کے سابق رہنما فواد چوہدری نے 9 مئی کے واقعات کے بعد ملک کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم حل کی طرف جائیں گے اور پوری امید ہے کہ بے شمار ایسے لوگ ہیں جو جیلوں میں گئے ہیں جو براہ راست ان معاملات سے جڑے نہیں تھے، ان لوگوں اور کارکنوں کو جیلوں سے باہر نکالنا ہم سب کی مجموعی ذمہ داری ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ جو کچھ ہوا وہ ہم سب کی ذمہ داری تھی کہ وہ نہ ہوتا لیکن بدقسمتی سے ہوا، کئی بے گناہ کارکن اندر گئے ہیں اور ان کو باہر نکالنا ہماری ذمہ داری ہے اور وہ ہم ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام لوگوں کے ساتھ بڑی اچھی گفتگو ہوئی ہے، ہم دیکھتے ہیں اس کا حل کیسے نکال پاتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں