پاکستان کو فیفا ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مرحلے میں ایک مرتبہ پھر کمبوڈیا کا سامنا

اپ ڈیٹ 27 جولائ 2023
پاکستان کو گزشتہ ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مرحلے میں بھی کمبوڈیا سے شکست ہوئی تھی— فائل/فوٹو: ڈان
پاکستان کو گزشتہ ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مرحلے میں بھی کمبوڈیا سے شکست ہوئی تھی— فائل/فوٹو: ڈان

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوالیفائنگ مرحلے میں پاکستان کو ایک مرتبہ پھر کمبوڈیا کا سامنا ہے جبکہ افغانستان سے مقابلے کا امکان ختم ہوگیا۔

ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کے ہیڈکوارٹرز کوالالمپور میں کوالیفائنگ مرحلے کے ڈراز کی تقریب منعقد ہوئی جہاں پاکستان کو فیفا ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ کوالیفائی کرنے کے لیے حریف ٹیموں کا فیصلہ ہوا۔

پاکستان کو 4 سال قبل بھی قطر میں منعقدہ ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کے لیے کمبوڈیا سے مقابلہ کرنا پڑا تھا جہاں قومی ٹیم کو شکست ہوئی تھی اور اب ایک مرتبہ پھر ورلڈ کپ میں کمبوڈیا سے مقابلہ ہوگا۔

پاکستان کا شمالی امریکا میں شیڈول فیفا ورلڈ کپ 2026 اور اے ایف سی ایشین کپ 2027 کے لیے کوالیفائنگ کے پہلے مرحلے میں ہوم اور بیرون ملک کمبوڈیا سے مقابلہ ہوگا۔

کوالالمپور میں ہوئے ڈراز کے مطابق پاکستان کو کوالیفائنگ کے دوسرے مرحلے میں جانے کے لیے کمبوڈیا پر اپنی برتری ثابت کرنی ہوگی۔

اس مقابلے میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کا دوسرے مرحلے میں گروپ ’جی‘ کی ٹیموں سے سامنا ہوگا، جس میں سعودی عرب، اردن اور تاجکستان جیسی مضبوط ٹیمیں شامل ہیں۔

قومی ٹیم کی دوسرے مرحلے تک رسائی مشکل نظر آتی ہے کیونکہ ٹیم کو گزشتہ برس کھیلے گئے تمام 8 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پاکستان کو اس سے قبل جون 2021 میں کمبوڈیا سے دو مراحل میں شکست ہوئی تھی، جس میں 0-2 سے فنوم پینھ اور 1-2 سے ہوم میچز میں شکست ہوئی تھی جو قطر میں کھیلے گئے تھے۔

فیفا کی عالمی رینکنگ میں اس وقت پاکستان کا نمبر 201 ہے اور کوالیفائنگ مرحلے میں سخت محنت درکار ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں