بلوچستان: تربت کی کیچ ندی میں 7 لڑکیاں ڈوب کر جاں بحق

اپ ڈیٹ 07 اگست 2023
جاں بحق ہونے والی لڑکیوں کی عمریں 10 سے 17 سال کے درمیان ہیں —فائل فوٹو: آن لائن
جاں بحق ہونے والی لڑکیوں کی عمریں 10 سے 17 سال کے درمیان ہیں —فائل فوٹو: آن لائن

بلوچستان کے ضلع کیچ کے شہر تربت کے قریب ندی میں 7 لڑکیاں ڈوب کر جاں بحق ہوگئیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ ایک لڑکی ندی میں نہاتے ہوئے اپنا توازن کھو بیٹھی تھی جسے بچانے کی جدوجہد میں 6 لڑکیاں بھی ندی میں ڈوب گئیں۔

حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والی لڑکیوں کی عمریں 10 سے 17 سال کے درمیان ہیں جن کی شناخت فائزہ، مہتاب، فزا، دردانہ، بشرا، شیریں اور ماہزیب کے نام سے ہوئی جبکہ ان لڑکیوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

پولیس نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے دیگر 2 لڑکیوں کو بھی ریسکیو کیا جنہیں بے ہوشی کی حالت میں ضلعی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر خالد بلوچ نے کہا کہ ہمیں تربت کے قریب ندی میں ڈوبنے والی لڑکیوں کی 7 لاشیں ملی ہیں، طبی اور قانونی ضابطے کی تکمیل کے بعد میتیں لواحقین کے حوالے کردی گئیں۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ خاندان فیملی پکنک کے لیے پہنچا تھا کہ لڑکیاں ایک دوسرے کو بچانے کی جدوجہد میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھیں جبکہ خاندان کے دیگر افراد بے بسی سے دیکھتے رہے، اطلاع ملنے پر علاقہ مکین لاشوں کو نکالنے کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچے اور 2 لڑکیوں کو زندہ بچانے میں کامیاب ہوئے۔

تبصرے (0) بند ہیں