گریمی ایوارڈ یافتہ پاکستانی نژاد امریکی گلوکارہ و موسیقار عروج آفتاب نے اپنا ’پرائڈ آف پرفارمنس ایوارڈ‘ وصول کرلیا۔

صدر مملکت عارف علوی نے عروج آفتاب کو 23 مارچ 2023 کو پرائڈ آف پرفارمنس کا ایوارڈ دینے کا اعلان کیا تھا اور انہیں 14 اگست کو امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں موجود پاکستانی سفارت خانے میں منعقد تقریب میں ایوارڈ دیا گیا۔

امریکا میں موجود پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے کی جانے والی ٹوئٹ میں تصدیق کی گئی کہ عروج آفتاب نے اپنا ریاستی ایوارڈ وصول کرلیا۔

گریمی ایوارڈ یافتہ گلوکارہ کو پاکستانی سفیر مسعود خان نے ریاست پاکستان کی جانب سے ایوارڈ پیش کیا۔

ایوارڈ وصول کیے جانے کی عروج آفتاب نے بھی اپنی انسٹاگرام پوسٹس میں تصدیق کی۔

عروج آفتاب نے ایوارڈ وصول کرنے کی مختصر ویڈیو بھی شیئر کی اور اس بات پر خوشی اور فخر کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان نے انہیں موسیقی اور فنون لطیفہ کی خدمات پر ایوارڈ دیا۔

عروج آفتاب نے اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان ادب، موسیقی اور دیگر فنون لطیفہ میں خواتین کے کام کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں اعزازات دے رہی ہے۔

عروج آفتاب سمیت دیگر شخصیات کو بھی یوم آزادی کے موقع پر حکومت پاکستان کی جانب سے ایوارڈز دیے گئے۔

علاوہ ازیں 14 اگست کو صدر مملکت نے مزید 696 ملکی و غیر ملکی شخصیات کو بھی ایوارڈز دینے کی منظوری دی، مذکورہ ایوارڈز 23 مارچ 2024 کو شخصیات کو دیے جائیں گے۔

آئندہ سال جن شوبز شخصیات کو اعلیٰ سول ایوارڈز دیے جائیں گے ان میں سجل علی، جگن کاظم، عدنان صدیقی، واسع چوہدری، اداکار عجب گل، گلوکار راحت فتح علی خان، مرحوم عنایت حسین بھٹی، گکوکار فاخر محمود، شازیہ منظور، مائی ڈھائی اور عبدالبتین فاروقی شامل ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں