برطانیہ میں جاری انٹرنیشنل بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام ابسا ورلڈ گیمز 2023 کے فائنل میں پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے روایتی حریف بھارت کو ہرا کر گولڈ میڈل جیت لیا ۔

اس سے قبل پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم، بلائنڈ عالمی کپ کے مسلسل پانچ فائنل کھیلنے میں کامیاب ہوچکی ہے، رواں سال قومی ٹیم کو تیسری مرتبہ عالمی چمپیئن بننے کا اعزاز ملا ہے۔

گزشتہ روز برطانیہ میں بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل میچ ہوا۔

ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے پہلے شانداز باؤلنگ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کو مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز تک محدود رکھا، جس میں بھارتی بلائنڈ ٹیم کی جانب سے ٹومپکی نے 76 اور رمیش نے 48 رنز بنائے۔

جس کے بعد پاکستان نے 15ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔

پاکستان کے اوپننگ بلے باز مطیع اللہ اور نصار علی نے صرف 27 گیندوں پر ٹیم کو 50 رنز بنائے۔

بھارتی باؤلرز نے 42 رنز اضافی دیے جس سے پاکستان کو تیزی سے رنز بنانے میں مدد ملی۔

محمد سلمان نے 25 گیندوں پر 48 اور بدر منیر نے 12 گیندوں پر 41 رنز بنائے اور نثار علی نے 36 رنز بنائے جس سے پاکستان نے بھارت کے خلاف فتح حاصل کی۔

بھارت کے خلاف فتح کے بعد برمنگھم کے ایجبسٹن کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان بلائنڈ ٹیم کی جانب سے خوشی اور جشن کے مناظر دیکھنے کو ملے، جہاں گرین شرٹس نے تالیوں اور ڈھول کی تھاپ پر جشن منایا۔

شائقین نے قومی ٹیم کو مبارک باد کے پیغامات بھیجے اور قومی پرچم لہراتے ہوئے کھلاڑیوں کو گلے لگایا۔

سماجی پلیٹ فارم ایکس پر بھی صارفین نے قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو خوب سراہا۔

بلائنڈ کرکٹ ورلڈ گیمز میں پاکستانی ٹیم ناقابل شکست رہی، قومی ٹیم نے ایونٹ میں بھارت، بنگلہ دیش، آسٹریلیا اور انگلینڈ کو شکست دی تھی۔

قومی ٹیم نے ٹورنامنٹ کا شاندار آغاز کیا، ایونٹ کے اپنے پہلے میچ میں پاکستان نے بھارت کو 18 رنز سے شکست دی تھی۔

ابسا ورلڈ گیمز (ورلڈ بلائنڈ گیمز) ایک بین الاقوامی ایونٹ ہے، جو ہر 4 سال بعد منعقد ہوتا ہے، جس کا اہتمام بین الاقوامی بلائنڈ اسپورٹس فیڈریشن کرتا ہے، اس ایونٹ میں نابینا اور جزوی نابینا کھلاڑیوں کو کئی کھیلوں میں حصہ لینے کے قابل بنایا جاتا ہے، اس فیڈریشن کے تحت پہلا میچ اسپین میں 1998 میں کھیلا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں