متنازع ٹک ٹاکر حریم شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے شوہر بلال شاہ کو لندن سے واپسی کے بعد سندھ کے دارالحکومت کراچی سے ہتھیاروں کے زور پر اغوا کرلیا گیا۔

ٹک ٹاکر نے شوہر کے ہمراہ پرانی تصویر ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے شوہر کو کراچی سے اغوا کیا گیا اور ساتھ ہی انہوں نے ملک کی خفیہ ایجنسی ’انٹر سروسز انٹیلی جنس‘ (آئی ایس آئی) سے اپیل کی کہ ان کے شوہر کو بازیاب کروایا جائے۔

بعد ازاں انہوں نے ٹوئٹر پر مختصر ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں انہوں نے واقعے سے متعلق مزید تفصیلات بتاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے شوہر کے اغوا کو 7 دن گزر چکے ہیں۔

حریم شاہ نے 3 ستمبر کو ٹوئٹر پر شیئر کی گئی مختصر ویڈیو میں دعویٰ کیا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے وہ اور بلال شاہ کا خاندان ان کی بازیابی کے لیے قانونی کوششیں کر رہے تھے، لیکن ایسی کوششوں میں کوئی کامیاب نہ مل سکی۔

ٹک ٹاکر نے بتایا کہ بلال شاہ ان کے ہمراہ برطانوی دارالحکومت لندن میں مقیم تھے لیکن ایک ہفتہ قبل انہیں کسی کام کے سلسلے میں پاکستان جانا پڑا، جہاں انہیں سندھ کے دارالحکومت کراچی سے گھر کے باہر سے سادہ لباس میں ملبوس کچھ افراد گاڑیوں پر اغوا کر کے لے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ بلال شاہ کے اغوا کی شکایت متعلقہ پولیس تھانے میں بھی دے دی گئی جب کہ انہوں نے ذاتی طور پر متعدد اداروں سے بھی رابطہ کیا لیکن انہیں ان کے اغوا ہونے والے شوہر کا پتا نہ چل سکا۔

ٹک ٹاکر کے مطابق بلال شاہ کے اغوا کے بعد ان کے اہل خانہ اور وہ پریشان ہیں کیوں کہ سات دن سے ان کا کچھ پتا نہیں چل رہا، انہوں نے عدالت سے بھی رجوع کیا لیکن ان کی کوششیں رائیگاں گئیں۔

حریم شاہ کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر بلال شاہ کا کوئی قصور نہیں، ان کا کسی بھی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بلال شاہ کسی طرح کے غیر قانونی کام اور جرم میں ملوث نہیں ہے اور ان کا پاکستان بھر میں کوئی بھی کرمنل ریکارڈ نہیں ہے، لیکن اس باوجود انہیں اغوا کرکے نہ جانے کہاں رکھا گیا ہے۔

حریم شاہ نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ متعلقہ پولیس تھانے پر کس کا دباؤ ہے کہ وہ کچھ بتا نہیں رہے۔

انہوں نے پاکستانی عوام، حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے اپیل کی کہ وہ بلال شاہ کو بازیاب کروانے میں ان کی مدد کریں تاکہ ان کے گھر والے سکون کا سانس لے سکیں۔

ساتھ ہی انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بلال شاہ کی خیریت کے لیے دعا کریں۔

خیال رہے کہ حریم شاہ نے جون 2021 میں شادی کرنے کا دعویٰ کیا تھا، ابتدائی طور پر انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے کسی رہنما سے شادی کرنے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا تھا۔

حریم شاہ کی جانب سے شادی کے دعوے پر تنازع کھڑا ہوگیا تھا، جس کے بعد ستمبر 2021 میں انہوں نے بلال شاہ کے ساتھ انسٹاگرام پر تصاویر شیئر کرکے انہیں زندگی قرار دیا تھا۔

بلال شاہ کے ساتھ کئی ماہ تک تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے کے 6 ماہ بعد پہلی بار ٹک ٹاکر نے ان کے ہمراہ انٹرویو دیتے ہوئے شادی کا اعتراف کیا تھا۔

مذکورہ انٹرویو میں حریم شاہ نے اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے دوسرے افراد سے شادی کا دعویٰ شغل لگانے کے لیے کیا تھا۔

شادی کے بعد حریم شاہ، شوہر کے ہمراہ سعودی عرب عمرے کی ادائیگی بھی کرنے گئیں جب کہ شادی کے بعد وہ شوہر کے ہمراہ زیادہ تر بیرون ممالک رہتی ہیں اور اب بھی وہ خود لندن میں موجود ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں