بھارت کی نامور اداکارہ حنا خان نے ایشیا کپ کے دوران پاک ۔ بھارت میچ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان گھلنے ملنے کی وائرل تصویر پر ردعمل دیتے ہوئے تعریف کی ہے۔

کرکٹ کے اہم ایونٹ ایشیا کپ 2023 میں سنسنی خیز میچز ہی دیکھنے کو نہیں ملے بلکہ یہ ایونٹ میدان سے باہر دنیا بھر کے شائقین کے دلوں اور توجہ کو اپنی طرف کھینچ رہا ہے اور جب پاک ۔ بھارت میچ کی بات ہو تو ایسے لمحات دیکھنے کو ملے جب دونوں ممالک کے درمیان سیاسی تناؤ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑی آپس میں گھل مل گئے۔

ایسا ہی ایک پُرمسرت لمحہ 2 ستمبر کے پاک ۔ بھارت میچ کے دوران دیکھنے کو ملا جب بھارت کی بیٹنگ کے دوران پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان بھارتی کھلاڑی ہاردک پانڈیا کے جوتے کے تسمے باندھ رہے تھے۔

یہ تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی اور اسے صرف پاکستانیوں نے ہی نہیں سراہا بلکہ بھارتی عوام کی جانب سے بھی کھلاڑیوں کے اس جذبے کو بے حد پسند کیا گیا۔

اس تصویر نے بولی وڈ اداکارہ کو بھی ردعمل دینے پر مجبور کردیا، اداکارہ حنا خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شاداب خان کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ چاہے آپ کا تعلق کسی بھی رنگ و نسل اور مذہب سے ہو، آپ کا اخلاق اور دوسروں کے ساتھ رویہ آپ کے کردار کی حقیقت بتاتا ہے۔

حنا خان نے لکھا کہ ’رحمدلی میں شرافت ہوتی ہے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کتنے ماڈرن، باصلاحیت، تعلیم یافتہ، امیر یا غریب ہیں یا آپ کا تعلق کس مذہب سے ہے، آپ کس ملک سے ہیں یا آپ کونسی زبان بولتے ہیں‘۔

انہوں نے لکھا کہ ’آپ کے لوگوں کے ساتھ سلوک اور رویے سے پتا چلتا ہے کہ آپ کتنے رحم دل اور مہربان ہیں۔‘

ایشیا کپ 2023 کے میچز 31 اگست سے شروع ہوئے تھے، 2 ستمبر کو پاکستان کا ٹاکرا بھارت سے ہوا تھا جو بارش کی نذر ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں بھارت کی بیٹنگ کے بعد پاکستان کی بیٹنگ نہیں ہوسکی اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ مل گیا تھا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان اگلا ٹاکرا 10 ستمبر کو کولمبو میں ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں