گیس چوری کے خلاف کریک ڈاؤن جاری، 5 کروڑ سے زائد کے جرمانے عائد

اپ ڈیٹ 25 ستمبر 2023
ادارے نے مجموعی طور پر 5 کروڑ 52 لاکھ روپے کے بھاری جرمانے عائد کیے — فائل فوٹو: اے ایف پی
ادارے نے مجموعی طور پر 5 کروڑ 52 لاکھ روپے کے بھاری جرمانے عائد کیے — فائل فوٹو: اے ایف پی

سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کی ٹیموں نے گیس چوری اور دیگر شکایات کی وجہ سے 8 ستمبر سے جاری اب تک پنجاب اور خیبر پختونخوا میں متعدد کارروائیوں کے دوران 7 ہزار 187 کنکشنز (7 ہزار 144 گھریلو اور 43 کمرشل) منقطع کر دیے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ترجمان ایس این جی پی ایل کا کہنا ہے کہ ادارے نے مجموعی طور پر 5 کروڑ 52 لاکھ روپے کے بھاری جرمانے عائد کیے ہیں، گزشتہ 17 روز کے دوران ہم نے کُل 7 ہزار 187 کنکشن منقطع کیے ہیں، ہم علاقوں کے لحاظ سے مکمل تفصیلات آج پیر کو فراہم کریں گے۔

ایس این جی پی ایل کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں کمپنی کی ٹیموں نے گیس کے غیر قانونی استعمال پر 15 کنکشن منقطع کیے، گیس چوروں کے خلاف 6 ایف آئی آر درج کرائیں اور 2 ملزمان کو گرفتار کر کے گیس چوری پر 3 لاکھ 2 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔

بہاولپور میں علاقائی ٹیم نے کمپریسر کے استعمال پر 10 اور گیس چوری پر ایک کنکشن کاٹ دیا، ملتان میں کمپریسر استعمال کرنے پر 8 اور گیس چوری پر 21 کنکشن کاٹ دیے، شیخوپورہ میں ریجنل ٹیم نے 6 کنکشن منقطع کر دیے۔

راولپنڈی میں ریجنل ٹیم نے گیس چوری پر 7 گیس کنکشنز منقطع کر دیے اور ایک لاکھ 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا، سیالکوٹ میں کمپنی نے کمپریسر کے استعمال پر ایک اور 8 غیرقانونی کنکشنز کاٹ دیے۔

سرگودھا میں کمپنی نے کمپریسر کے استعمال پر ایک اور غیر قانونی استعمال پر 5 کنکشنز کاٹ دیے جبکہ 12 ہزار 897 روپے جرمانہ عائد کیا۔

گوجرانوالہ میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر 13 کنکشن کاٹ دیے گئے، گیس چوری پر 17 لاکھ 8 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، گجرات میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر 2 کنکشن منقطع کر دیے گئے، اسلام آباد میں کمپنی نے 2 کنکشن کاٹ دیے، فیصل آباد میں ٹیم نے گیس چوری پر 12 کنکشن کاٹ دیے۔

بجلی چوری کے 460 کیسز پکڑے گئے

دریں اثنا لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی ٹیموں نے گزشتہ روز بجلی چوری کے 460 کیسز پکڑ لیے، جس کے نتیجے میں 21 افراد کو گرفتار کیا گیا اور بجلی چوروں کو مجموعی طور پر 3 کروڑ 79 لاکھ روپے جرمانے عائد کیے گئے۔

کمپنی نادہندگان سے ریکوری کے لیے بھی سرگرم عمل ہے، گزشتہ روز کمپنی نے 763 نادہندگان سے 2 کروڑ 35 لاکھ روپے کی وصولی کی۔

ترجمان نے بتایا کہ ٹیم نے ناردرن سرکل میں 83 نادہندگان سے 3 کروڑ 83 لاکھ روپے، ایسٹرن سرکل میں 105 نادہندگان سے 4 کروڑ 37 لاکھ روپے، سینٹرل سرکل میں 85 نادہندگان سے 3 کروڑ 84 لاکھ روپے، جنوبی سرکل میں 46 نادہندگان سے ایک کروڑ 79 لاکھ روپے، ننکانہ سرکل میں 57 نادہندگان سے 13 لاکھ 70 ہزار روپے، شیخوپورہ سرکل میں 97 نادہندگان سے 21 لاکھ 90 ہزار روپے، قصور سرکل میں 128 نادہندگان سے ساڑھے 17 لاکھ روپے اور اوکاڑہ سرکل میں 162 نادہندگان سے 44 لاکھ 10 ہزار روپے وصول کیے گئے۔

ترجمان نے کہا کہ مہم کے دوران اب تک 10 ہزار 878 نادہندگان سے مجموعی طور پر 34 کروڑ 65 لاکھ روپے کی ریکوری کی جا چکی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں