اسرائیل کی جانب سے غزہ میں ہونے والی حالیہ کشیدگی پر ماہرہ خان، اشنا شاہ، عثمان خالد بٹ سمیت بولی وڈ اداکارہ سونم کپور نے بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیل کے جوابی کارروائیوں کی مذمت کی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے حکام کے مطابق اسرائیل کے جوابی حملوں میں اب تک کم از کم 2 ہزار سے زئاد فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں زیادہ تر بچے شامل ہیں اس کے علاوہ ایک ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہیں۔

یہی نہیں بلکہ اسرائیل کے جوابی حملوں کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد افراد لاپتا ہیں، اور لاکھوں افراد بےگھر ہوچکے ہیں۔

غزہ میں بڑھتی ہوئی تشویش ناک صورتحال پر ملک بھر کی نامور شخصیات سمیت پاکستانی اداکاروں نے بھی فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

اداکار عثمان خالد بٹ نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر غیر جانبدارانہ موقف برقرار رکھنے اور اسرائیل کے جرائم کو نظر انداز کرنے والے عالمی رہنماؤں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی ایک ٹوئٹ شیئر کرتے ہوئے زور دیا کہ ’اسرائیل کے نسل کشی اور جنگی جرائم کے کئی شواہد موجود ہیں، اسرائیل کا جھوٹ بے نقاب ہو رہا ہے، دوسری جانب پورے فلسطینیوں میں خونریزی ہو رہی ہے، عالمی رہنما کب تک نظر انداز کرتے رہیں گے؟ ’

اداکارہ اشنا شاہ نے بھی جسٹن ٹروڈو کی ٹوئٹ شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں شرمندہ ہوں کہ میں نے کبھی اس بزدل شخص کی حمایت کی تھی‘

ماہرہ خان نے ایکس پر فلسطینی بچے کی تصویر شئیر کی جس میں بچہ فلسطین کا پرچم اوڑھے کھڑا ہے اور اس کے سامنے بمباری سے شعلے اٹھ رہے ہیں۔

پوسٹ کے ساتھ لکھا ہےکہ ’کاش بم گرنے پر میں تمہیں اپنے دل میں چھپاسکتا‘، ماہرہ خان نے یہ پوسٹ ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ کاش، کاش ،کاش’۔

اداکارہ ارمینہ خان نے کینیڈا میں فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاج کی تصاویر شیئر کیں، اداکارہ نے کہا کہ وہ اپنی بیٹی (امیلی) کے ساتھ اس احتجاج میں شریک ہوئی ہیں۔

انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ ’امیلی اپنے دادا کے ساتھ اپنے پہلے احتجاج میں ان تمام فلسطینی بچوں کے ساتھ کھڑی ہیں جس کے ساتھ ظلم ہورہا ہے، بچے بے قصور ہیں، خدا نہ کرے کہ ایسا میرے ساتھ ہو لیکن مجھے معلوم ہے کہ والدین کے لیے اپنے بچے کو کھونا دنیا کا سب سے بڑا درد ہے‘۔

اس کےعلاوہ اداکار سرمد کھوسٹ، فہد مرزا، اشا شاہ، صبا قمر اور دیگر شخصیات نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے پیغامات شئیر کیے۔

اس کے علاوہ بولی وڈ اداکارہ سونم کپور نے بھی حیران کن طور پر فلسطین سے اظہار یکجہتی کرنے والی پوسٹ شئیر کی، یاد رہے کہ بھارت نے غزہ میں ہونے والی حالیہ کشیدگی میں اسرائیل کی حمایت کی ہے۔

سونم کپور نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شئیر کی جس میں لکھا تھا کہ ’غزہ میں نصف آبادی بچوں کی ہے۔‘

اس کے علاوہ انہوں نے مصنف نکولس کرسٹوف کے الفاظ شئیر کیے جس میں لکھا تھا کہ اگر ہم اسرائیلی بچوں کے لیے اخلاقی ذمہ داری کے پابند ہیں تو ہم فلسطینی بچوں کے لیے بھی اسی اخلاقی ذمہ داری کے پابند ہیں، دونوں کی زندگیوں کی یکساں قدر کرنی چاہیے، اگر آپ اسرائیل اور غزہ میں سے صرف ایک کمیونٹی کے لوگوں کی زندگی کی پرواہ کرتے ہیں تو حقیقت میں آپ کو انسانی زندگی کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔’

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں