منی لانڈرنگ کیس: ایف آئی اے نے لاہور کے تاجرصابر مٹھو کو تفتیش کیلئے طلب کرلیا

21 اکتوبر 2023
منی لانڈرنگ کیس مین ایف آئی اے نے تاجر کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا— فائل فوٹو: اے پی پی
منی لانڈرنگ کیس مین ایف آئی اے نے تاجر کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا— فائل فوٹو: اے پی پی

وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے لاہور کے تاجر اور ایک اعلیٰ عہدیدار کے بہنوئی صابر حمید عرف صابر مٹھو کو منی لانڈرنگ کے مقدمے میں تفیش کے لیے طلب کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے پنجاب زون کے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل نے صابر حمید مٹھو کو 23 اکتوبر کو ایجنسی کے سامے پیش ہونے کے لیے نوٹس جاری کر دیا ہے۔

ڈان اخبار کو دستیاب نوٹس میں صابر حمید مٹھو سے کہا گیا ہے کہ’یہ نوٹس ادارے کی جانب سے آپ کے خلاف بینک اکاؤنٹ میں کاروباری حوالے سے ظاہر کردہ تفصیلات کے برعکس زیادہ مقدار میں مشکوک لین دین کی مجرمانہ تفتیش سے متعلق ہے’۔

نوٹس کے مطابق’ایجنسی کے پاس دستیاب ریکارڈ کی جانچ کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ آپ 5.34 ارب روپے کے مجموعی کریڈٹ ٹرن اوور کے ساتھ 19 اکاؤنٹ (14 پاکستانی روپے اور 5 غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹ) چلا رہے ہیں۔

ایف آئی اے سرکل نے صابر مٹھو کو ہدایت کی ہے کہ وہ’تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہو کر اپنی پوزیشن واضحح کریں، ایف بی آر ریٹرنز کا ریکارڈ پیش کریں اور ساتھ ہی2016 سے 2023 تک اپنے نجی اور کاروباری ڈیکلیریشنز، آپ کی یا آپ کے گھر والوں کے غیر ملکی سفر اور سفر کی وجوہات، ان ممالک کی فہرست، تمام آف شور، شیل کمپنیوں کی فہرست، تمام کاروباری گاڑیاں، جو آپ کے اور آپ کے گھر والوں کی ملکیت میں ہیں’۔

نوٹس میں کہا گیا کہ ’ان ملکوں کی فہرست کا ریکارڈ پیش کریں جن کے دائرہ اختیار میں یہ گاڑیاں رکھی گئی ہیں، براہ راست یا بالواسطہ آف شور یا شیل کمپنی کے ذریعے حاصل کیے گئے غیر ملکی اثاثوں (جائیداد، اکاؤنٹس، سرمایہ کاری) اور کاروباری گاڑیوں کی فہرست، جو آپ، آپ کی بیوی یا خاندان والوں کی ملکیت میں ہیں، ان کا ریکارڈ بھی پیش کریں۔

ایف آئی اے نے صابر مٹھو سے یہ بھی کہا ہے کہ ’وہ تمام ملکی، غیر ملکی اثاثہ جات (جائیداد، سرمایہ کاری، اکاؤنٹ) کی فہرست جو آپ یا آپ کے خاندان کے نام نہیں مگر ان میں آپ یا آپ کے خاندان کے منافع بخش کاروبار شامل ہے، پاکستان کے اندر آپ کی جانب سے یا آپ کے نام پر خریدی گئی غیر ملکی کرنسی، آپ یا آپ کے گھر والوں کی جانب سے غیر ملکی کرنسی جو بیرون ملک لے جائے گئی ہو، چاہے اس کا اعلان ہوائی اڈے پر ہوا ہو یا نہ ہو، کی تفصیلات پیش کریں‘۔

مزید کہا گیا ہے کہ ’اپنے نام یا ان کے زیر کفالت افراد کے نام پر رکھے گئے بینک کھاتوں میں زیادہ مالیت کے کریڈٹ، ڈیبٹ لین دین کی وجہ اور ان کے اور ان کے زیر کفالت افراد کے بینک کھاتوں کی تمام تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں‘۔

کال اپ نوٹس میں پیش نہ ہونے کی صورت میں قانونی کارروائی کی تنبیہ کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس ایک نیوز ویب سائٹ پر صابر حمید مٹھو اور با اثر فرد کے اثاثوں میں اچانک اور بغیر وضاحت کے اضافہ ہونے سے متعلق رپورٹ شائع ہوئی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں