اداکارہ اقرا عزیز کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد کیریئر سے تھوڑا وقفہ لینے میں کوئی برائی نہیں ہے، ’جب میں حاملہ تھی تو کسی نے مجھے اچھی بات نہیں بولی، ہمارے بڑوں نے ایک خوف ذہن میں ڈال دیا ہے کہ اگر بچہ پیدا کریں گے تو ہم اپنے لیے کچھ بھی نہیں کرسکتے۔‘

یاد رہے کہ اقرا عزیز اور اداکار یاسر حسین نے دسمبر 2019 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں جولائی 2021 میں پہلے بیٹے کبیر حسین کی پیدائش ہوئی تھی۔

شادی اور بالخصوص بچے کی پیدائش کے بعد اقرا عزیز نے ڈراموں میں کام کرنا بند کردیا تھا، جبکہ یاسر حسین نے بیشتر ڈراما سیریلز میں کام جاری رکھا تھا۔

اب اقرا عزیز حال ہی میں ہم ٹی وی پر نشر ہونے والے والا ڈراما سیریل ’منت مراد‘ میں منت کا کردار ادا کر رہی ہیں، ان کے مقابلے میں ہیرو کا کردار اداکار طلحہ ادا کر رہے ہیں جنہوں نے چند سال قبل ہی اپنا کیریئر شروع کیا تھا۔

بچے کی پیدائش کے بعد یہ اقرا عزیز کا دوسرا پروجیکٹ ہے، اس سے قبل انہوں نے ’ایک تھی لیلیٰ‘ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

حال ہی میں اداکارہ نے بی بی سی اردو کو انٹرویو دیا جہاں انہوں نے بچے کی پیدائش کے بعد ٹی وی اسکرین پر واپسی اور اپنے ڈرامے سے متعلق گفتگو کی۔

اقرا عزیز نے شادی کے بعد کیریئر ختم کرنے سےمتعلق معاشرے میں پانے والی عام سوچ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ڈرامے میں اس سوچ میں تبدیلی لانا چاہتی ہیں کہ شادی کے بعد کیریئر ختم ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ ’شادی کے بعد کیریئر سے تھوڑے عرصے کا وقفہ لینے میں کوئی برائی نہیں ہے۔‘

اداکارہ نے بچے کی پیدائش کے بعد ایک بار پھر ٹی وی اسکرین پر واپسی سے متعلق بھی گفتگو کی، انہوں نے کہا کہ ’جب ایک تھی لیلیٰ کے پروجیکٹ میں کام کیا تو انہیں زیادہ مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا کیونکہ یہ ڈراما یاسر حسین نے ڈائریکٹ کیا تھا، ہم ساتھ گھر سے نکلتے تھے اور ساتھ ہی گھر واپس جاتے تھے، اس کے علاوہ ڈرامے کی شوٹنگ بہت کم دنوں کے لیے تھی۔‘

اداکارہ نے بتایا کہ ’سب سے مشکل کام کبیر کو چھوڑ کر شوٹنگ کے لیے جانا تھا، اس وقت کبیر تین، چار مہینے کے تھے، میرا 15 دن کا سفر تھا، جب میں چیک اِن کاؤنٹر پر کھڑی تھی تو اس وقت میں بالکل ٹوٹ گئی تھی اور رو رہی تھی، مجھے سمجھ نہیں آرہا تھا کہ میں کیسے جاؤں گی، سب کچھ کیسے کروں گی جو ایک ماں کو احساس ہوتا ہے وہ اُس وقت پتا چلا تھا۔‘

اقرا عزیز نے بچے کی پدائش کے بعد خواتین کے کیریئر اور حاملہ ہونے والے معاشرے کے لوگوں کی سننے والی باتوں سے متعلق بھی گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ ’جب حاملہ تھی تب فیلڈ کے کام یا شوٹنگ پر نہیں جارہی تھی لیکن سوشل میڈیا پر تھوڑے بہت کام کر رہی تھی، میرے لحاظ سے میں تو کام کر رہی تھی لیکن جب ایک اداکار کبیر سے ملنے میرے گھر آئے تو مجھے کہنے لگے کہ تمہیں کیا ہو گیا ہے تم تو کام ہی نہیں کر رہی ہو، میں ان کی یہ بات سن کر ایک دم سے فلیش بیک میں گئی کہ میں تو کام کر رہی تھی، وہ سوشل میڈیا کی حد تک تھا وہ ایک الگ بات ہے۔‘

اقرا عزیز نے کہا کہ ’اس وقت میں اپنا فیز انجوائے کر رہی تھی، میں اپنے آپ کو تھوڑا وقت دینا چاہتی تھی، میں نے بہت کم عمری میں کام شروع کیا ہے، یاسر حسین سے ملنے سے پہلے بھی میں روزانہ کام کرتی تھی، لیکن اب یہ میرا فیصلہ ہے کہ اس وقت میں تھوڑا آرام کرنا چاہتی ہوں، یہ میرا پہلا بچہ ہے اور اس وقت کو یادگار بنانا چاہتی ہوں۔‘

اداکارہ نے کہا کہ شاید ہمارے بڑوں نے ہمارے اندر یہ خوف ڈال دیا ہے کہ اگر بچہ پیدا کریں گے تو ہم اپنے لیے کچھ بھی نہیں کر سکتے۔

اقرا عزیز نے کہا کہ جب میں حاملہ تھی تو کبھی بھی کسی نے مجھے اچھی بات نہیں بولی، مجھے ہر کسی نے بولا کہ ’اب تو تمہیں کھانے اور سونے کا وقت نہیں ملے گا، تم باہر نہیں جاسکتی‘، ایسی باتیں سن کر میں بھی پریشان ہوگئی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں