پرتھ ٹیسٹ دوسرا روز: آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کے 132 پر 2 آؤٹ، ڈیبیو پر عامر جمال کی 6 وکٹیں

اپ ڈیٹ 15 دسمبر 2023
ڈیبیو کرنے والے عامر جمال نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 6کھلاڑیوں کو آوٹ کیا—فوٹو:کرک انفو ایکس
ڈیبیو کرنے والے عامر جمال نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 6کھلاڑیوں کو آوٹ کیا—فوٹو:کرک انفو ایکس
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے خلاف میزبان آسٹریلیا 487 رنز بناکر آوٹ ہوگئی، جبکہ دوسرے روز کے اختتام پر قومی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنا لیے ہیں، اسے کینگروز کا اسکور برابر کرنے کے لیے اب بھی 355 رنز درکار ہیں۔

دو میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں میزبان کپتان پیٹ کمنز نے مہمان ٹیم کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

دوسرے روز مچل مارش نے 15 اور ایلس کیری نے 14 رنز کے ساتھ اپنی اننگز کا آغاز کیا، ان دونوں نے اسکور کو 411 رنز تک پہنچایا، تاہم گزشتہ روز اچھی باؤلنگ کرنے والے عامر جمال نے ایلس کیری کو 34 رنز پر بولڈ کردیا۔

مچل مارش کا ساتھ نبھانے مچل اسٹارک کریز پر آئے، تاہم انہیں بھی عامر جمال نے 12 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی، کھیل کے دوسرے روز کھانے کے وقفے تک آسٹریلیا نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 449 رنز بنائے تھے۔

وقفے کے بعد کھیل کا آغاز ہوا تو مچل مارش اپنے انفرادی اسکور میں بغیر کوئی اضافہ کے 90 رنز پر آؤٹ ہوگئے، پیٹ کمنز 9، 5 نیتھن لائن 5 بنا کر پویلین لوٹے جب کہ جوش ہیزل ووڈ 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی طرف سے ڈیبیو کرنے والے عامر جمال نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ان کے علاوہ ڈیبیو کرنے والے دوسرے کھلاڑی خرم شہزاد نے 2، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق میدان میں اترے، جنہوں نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 74 رنز تک پہنچایا، تاہم 42 رنز پر عبداللہ شفیق ہمت ہار بیٹھے اور نیتھن لوئن کی گیند پر وارنر کو کیچ دے بیٹھے۔

اس کے بعد کپتان شان مسعود کریز پر پہنچے اور امام الحق کے ساتھ اسکور کو 123 رنز تک پہنچایا، لیکن وہ بھی بڑی اننگ کھیلنے میں ناکام رہے، مچل اسٹارک کی باؤلنگ پر کور ڈرائیو کھیلنے کی کوشش کی، تاہم گیند بلے کا کنارا چھوتے ہوئے وکٹ کیپر کے گلوز میں جا پہنچی۔

مچل اسٹارک کی زوردار اپیل پر امپائر نے انہیں آؤٹ نہیں دیا، جس پر آسٹریلیا نے ریویو لے لیا، جس میں نظر آرہا تھا کہ گیند بلے سے ٹکرا کر وکٹ کیپر کے گلوز میں گئی، اس طرح انہیں آؤٹ قرار دے دیا گیا۔

دوسرے روز کے اختتام پر پاکستان ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنا لیے تھے، خرم شہزاد 7 اور امام الحق 38 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک اور نیتھن لوئن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے پہلے دن کھیل کے اختتام تک 5 وکٹوں کے نقصان پر 346 رنز بنالیے تھے۔

آسٹریلوی اوپنرز نے اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا، ڈیوڈ وارنر نے شان دار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 164 رنز بنائے اور وہ عامر جمال کی گیند پر امام الحق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

عثمان خواجہ 41 رنز، مارنس لبوشین 16، اسٹیون اسمتھ 31 جبکہ ٹریوس ہیڈ 40 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تھے۔

پاکستان کی جانب سے دو کھلاڑیوں عامر جمال اور خرم شہزاد نے ڈیبیو کیا، میچ سے قبل انہیں قومی ٹیم کی ٹیسٹ کیپ دی گئیں، سینئر کھلاڑیوں حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے انہیں کیپس دیں۔

پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

پاکستان: شان مسعود (کپتان)، امام الحق، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، سعود شکیل، سرفراز احمد، سلمان علی آغا، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، عامر جمال خرم شہزاد

آسٹریلیا: پیٹ کمنز (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، اسٹیون اسمتھ، مارنس لبوشین، نیتھن لوئن، مچل مارش، مچل اسٹارک، ایلکس کیری، جوش ہیزل وڈ اور ٹریوس ہیڈ۔

تبصرے (0) بند ہیں