جس انداز سے شاہ محمود قریشی کو پولیس کی گاڑی میں دھکیلا گیا وہ قابل مذمت ہے، رضا ربانی

28 دسمبر 2023
ان کا کہنا تھا کہ پولیس شہریوں کے ساتھ ایسا سلوک کرتی ہے جیسے وہ ریاست کے دشمن ہیں۔ فائل فوٹو: ڈان نیوز
ان کا کہنا تھا کہ پولیس شہریوں کے ساتھ ایسا سلوک کرتی ہے جیسے وہ ریاست کے دشمن ہیں۔ فائل فوٹو: ڈان نیوز

سابق چیئرمین سینیٹ و رہنما پیپلز پارٹی رضا ربانی نے کہا ہے کہ جس انداز سے شاہ محمود قریشی کو پولیس کی گاڑی میں دھکیلا گیا وہ قابل مذمت ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے شاہ محمود قریشی کے ساتھ ہونے والی بدسلوکی کی مذمت کرتے ہیں، سیاستدان اور سابق وزیر خارجہ ہونے کے ساتھ ساتھ وہ پاکستان کے شہری بھی ہیں اور انہیں عزت ملنی چاہیے، پولیس شہریوں کے ساتھ ایسا سلوک کرتی ہے جیسے وہ ریاست کے دشمن ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ پولیس اور سول ملازمین نے سامراج کی طرز حکمرانی کو اب تک نہیں چھوڑا ہے، وہ شہریوں سے ایسا برتاؤ کرتے ہیں کہ ان کی سبکی کی جائے، اسلام آباد میں بھی پولیس نے پرامن بلوچ خواتین و مرد مظاہرین کے ساتھ بدسلوکی کی اور انہیں گرفتار کیا، شہریوں کے ساتھ گاؤں اور قصبوں میں ایسے واقعات ہونا معمول ہیں، مطالبہ کرتا ہوں کہ ملوث افسران کو ملازمت سے برطرف کرکے مثال قائم کی جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز (27 دسمبر) سپریم کورٹ نے سائفرکیس میں شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور کی تھی، روبکار ملنے پر شاہ محمود قریشی کو گزشتہ روز اڈیالہ جیل سے رہا گیا کیا، تاہم اڈیالہ جیل سے باہر آنے پر پنجاب پولیس نے انہیں دوبارہ گرفتار کرلیا تھا۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ شاہ محمود قریشی کو جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے اور ان سے اِس کیس کے بارے میں تفتیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں