کراچی ٹریفک پولیس کا سال نو پر نشے میں دھت ڈرائیورز کو گرفتار کرنے کا اعلان

30 دسمبر 2023
کراچی پولیس نے کہا کہ گاڑیوں میں شراب اور منشیات لے جانے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی— فائل فوٹو: اے ایف پی
کراچی پولیس نے کہا کہ گاڑیوں میں شراب اور منشیات لے جانے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی— فائل فوٹو: اے ایف پی

کراچی ٹریفک پولیس نے نئے سال کے موقع پر نشے میں دھت ہو کر ڈرائیورنگ کرنے والوں کو گرفتار کرنے کے لیے بریتھ لائزر کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے۔

ایک بیان میں پولیس ترجمان ابرار حسین بلوچ نے کہا کہ گاڑیوں میں شراب اور منشیات لے جانے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ نشے میں دھت ڈرائیوروں اور موٹر سائیکل سواروں کے ساتھ ہوائی فائرنگ کرنے والے افراد کو ناصرف گرفتار کیا جائے گا بلکہ ان کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت مقدمہ درج کرکے ان کی گاڑیاں بھی ضبط کی جائیں گی۔

پولیس نے مزید کہا کہ ایسے افراد کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

اس کے علاوہ کراچی پولیس کے سربراہ اور ڈی آئی جی ٹریفک کی ہدایات پر کراچی سٹی ٹریفک پولیس نے نیو ایئر نائٹ پر ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لیے پالیسی بنائی ہے۔

اپنے بیان میں پولیس نے ہر شہری کی حفاظت کے وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ چند لوگ کسی کے لیے پریشانی کا سبب بننے کے بجائے انہیں لطف اندوز ہونے دیں۔

دوسری جانب کراچی میں دو روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی جس کا کمشنر کراچی سلیم راجپوت نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق پابندی 31 دسمبر سے یکم جنوری تک دو روز کے لیے نافذ رہے گی اور اس دوران اسلحے کی نمائش، ہوائی فائرنگ اور فائر کریکر چلانے پر پابندی رہے گی۔

کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ سال نو کے موقع پر شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ان کی ذمے داری ہے۔

یاد رہے کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے سال نو کی تقریبات پر مکمل پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے قوم سے درخواست کی تھی کہ وہ نئے سال کے موقع پر فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں