روس سے بڑھتے تعلقات پر مغربی ممالک میں بھارت کے خلاف شدید تشویش

01 جنوری 2024
رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت اور روس اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کے لیے مزاکرات کا آغاز کرچکے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت اور روس اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کے لیے مزاکرات کا آغاز کرچکے ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

روس سے بڑھتے تعلقات پر مغربی ممالک میں بھارت کے خلاف شدید تشویش پائی جاتی ہے جب کہ برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ روس کے یوکرین پرحملے سے بھارت اور روس کے مثبت تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

ڈان نیوز کے مطابق برطانوی خبر رساں ادارے نے کہا کہ بھارت یوکرین کے معاملے پر روس کے ساتھ جا کھڑا ہوا ہے، یہ کسی صورت بھی نیوٹرل پوزیشن نہیں، برطانوی وزیر اعظم بھارت کے ساتھ فری ٹریڈ ڈیل کر رہے ہیں، دوسری جانب بھارت روس کے عزائم کی حمایت کررہا ہے۔

برطانوی اخبار نے کہا کہ برطانوی وزیر اعظم جہاں بھارت میں مودی سرکار کے ہاتھوں قتل عام اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر چپ سادھے ہوئے ہے وہاں بھارت کا روس کی جانب جھکاو بڑھتا جارہا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی سرکار پارلیمنٹ کو استعمال کرکے بھارتی قوانین میں بڑی تبدیلیاں لارہی ہے جسے مسلمانوں اور اقلیتوں پر مظالم کی بدترین لہر آنے کا پیش خیمہ قرار دیا جارہا ہے۔

برطانوی اخبار میں کہا گیا ہے کہ کانگریس کے ممبر پارلیمنٹ ششی تھرور نے مودی حکومت کے اقدامات کو بھارتی پارلیمانی جمہوریت کا جنازہ قرار دیا تھا، بھارت اور روس اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کے لیے مزاکرات کا آغاز کرچکے ہیں، یہ یوکرین کے معاملے پر مغرب کے بیانیے کی نفی ہے۔

حال ہی میں اکونامسٹ میگزین نے ڈیموکریسی انڈیکس میں بھارت کو ایک ناقص جمہوریت قرار دیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں