سیکریٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے 266 حلقوں میں سے 236 پر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 141 قومی اسمبلی کے 126 حلقوں میں جماعت اسلامی الیکشن میں حصہ لے رہی ہے، اور خیبرپختونخوا کی 45 قومی اسمبلی کی نشستوں میں سے 43 میں حصہ لے رہے ہیں، اسی طرح سندھ کے 61 قومی حلقوں میں سے 53 حلقوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔

قیصر شریف نے بتایا کہ اسلام آباد کے 3 قومی حلقوں پر جماعت اسلامی کے امیدواران حصہ لے رہے ہیں، جبکہ بلوچستان کے 16 قومی اسمبلی کے حلقوں میں سے 14 پر جماعت اسلامی کے امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں۔

قیصر شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب سے صوبائی اسمبلی کی 278 نشستوں پر امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، جبکہ خیبرپختونخوا سے صوبائی اسمبلی کی 107 نشستوں پر امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں 103 نشستوں پرامیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، بلوچستان سے 40 نشستوں پر امیدوار الیکشنز لڑیں گے۔

قیصر شریف نے بتایا کہ جماعت اسلامی اپنے نشان ترازو پر انتخابات میں حصہ لے گی، امیدوار ملک بھر میں بھرپور انداز میں انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا فلاحی منشور پاکستان کے عوام کی امیدوں کا مرکز و محور ہے، جماعت اسلامی کا واضح موقف ہے کہ 8فروری کو انتخابات منعقد ہونے چاہئیں۔

انہوں نے بتایا کہ آج امیر جماعت اسلامی سراج الحق تلہ گنگ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں