بلوچستان کے علاقے تربت میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سابق صوبائی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار میر اسلم بلیدی زخمی ہوگئے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق سینئر سپرٹینڈنٹ پولیس ضیا مندوخیل نے بتایا کہ میر اسلم بلیدی کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ پارک میں چہل قدمی کر رہے تھے، انہیں ایک گولی کندھے اور دوسری پیر میں لگی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق صوبائی وزیر کو زخمی حالت میں تربت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا اور ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

اسلم بلیدی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 258 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ہیں۔

بلوچستان کے نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان ڈومکی نے اسلم بلیدی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے محکمہ داخلہ بلوچستان سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

انہوں نے ہدایت جاری کی کہ انتخابی مہم میں امیدواروں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے اور اسلم بلیدی کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

تبصرے (0) بند ہیں