کیٹ مڈلٹن کی سرجری کردی گئی

18 جنوری 2024
—فوٹو: اے ایف پی
—فوٹو: اے ایف پی

برطانوی شاہی محل نے تصدیق کی ہے کہ پرنسز آف ویلز یعنی کیٹ مڈلٹن کے پیٹ کی کامیاب سرجری کردی گئی لیکن تاحال وہ ہسپتال میں ہیں۔

شاہی محل کے آفیشل انسٹاگرام کی پوسٹ میں کیٹ مڈلٹن کی سرجری کی تصدیق کی گئی اور بتایا گیا کہ شہزادی اگلے 10 سے 14 دن تک ہسپتال میں ہی رہیں گی۔

بیان کے مطابق ڈاکٹرز نے شہزادی کو ہسپتال میں ہی رہنے کی تجویز دی ہے اور وہ ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد کئی ہفتوں تک آرام کریں گی۔

شاہی بیان میں کیٹ مڈلٹن کی بیماری پر تشویش کا اظہار کرنے والے افراد کا شکریہ بھی ادا کیا گیا اور ساتھ ہی لوگوں سے معذرت بھی کی گئی کہ شہزادی اگلے چند ماہ تک کسی بھی عوامی تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گی۔

بیان میں کہا گیا کہ کیٹ مڈلٹن روبا صحت ہونے تک کسی بھی تقریب میں شرکت نہیں کریں گی اور ان کی جانب سے عوامی تقریبات میں شرکت نہ کرنے پر شاہی خاندان معافی کا طلب گار ہے۔

اگرچہ بیان میں کیٹ مڈلٹن کی سرجری ہوجانے کی تصدیق کی گئی اور یہ بھی بتایا گیا کہ شہزادی کے پیٹ کی سرجری پہلے سے ہی طے تھی لیکن اس باوجود ان کی بیماری کی نوعیت سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی۔

شاہی محل کا کہنا تھا کہ کیٹ مڈلٹن کی صحت سے متعلق لوگوں کو آگاہ کیا جاتا رہے گا اور تب تک شہزادی کی جانب سے عوامی تقریبات میں شرکت نہ کرپانے پر محل افسوس کا اظہار کرتا ہے۔

معروف امریکی فیشن جریدے پیپلز کے مطابق اب تک کہ اطلاعات سے معلوم ہوتا ہے کہ کیٹ مڈلٹن کی سرجری کینسر کے باعث نہیں ہوئی، تاہم اس حوالے سے بھی مزید کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی۔

کیٹ مڈلٹن کی بیماری اور سرجری کی خبر آنے کے بعد دنیا بھر میں ان کے مداح اور خصوصی طور پر برطانوی افراد تشویش میں مبتلا ہوگئے۔

تبصرے (0) بند ہیں