الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کی زیرقیادت اتحادی حکومت بنانے کا اعلان کرنے والی 6 جماعتوں (مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، مسلم لیگ ق، استحکامِ پاکستان پارٹی اور بلوچستان عوامی پارٹی) کی جیتی ہوئی جنرل نشستوں کی کُل تعداد 152 ہوگئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ یہ جماعتیں خواتین کی 60 اور 10 اقلیتی نشستوں کے اضافے کے بعد مرکز میں حکومت بنانے کے لیے 169 کی کم از کم مطلوبہ تعداد آسانی سے حاصل کر لیں گی۔

تاہم یہ دیکھنا ابھی باقی ہے کہ آیا یہ جماعتیں مجموعی طور پر 224 نشستیں حاصل کر پائیں گی یا نہیں جوکہ 336 رکنی قومی اسمبلی میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کے لیے درکار ہوتی ہیں۔

اگر پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) میں شامل ہونے کا فیصلہ کرتے ہیں (جیسا کہ پی ٹی آئی نے اعلان کیا ہے) تو اسے بھی خواتین اور اقلیتوں کی نشستوں میں حصہ ملے گا۔

تاہم مجلس وحدت المسلمین نے چونکہ صرف خیبرپختونخوا سے محض ایک نشست جیتی ہے، اس لیے پی ٹی آئی صرف خیبرپختونخوا سے خواتین کے لیے مختص 10 مخصوص نشستوں کی حقدار ہوگی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں