بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں نماز جمعہ کے دوران نمازیوں کو لاتیں مارنے والے پولیس اہلکار کو معطل کردیا گیا۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق نمازیوں کو لاتیں مارنے کی پولیس اہلکار کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اعلیٰ افسران نے نوٹس لیتے ہوئے اہلکار کو معطل کردیا۔

پولیس افسران کے مطابق معاملے کی مزید تفتیش کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی اور دیگر ملوث اہلکاروں اور افسران کو بھی سخت سزائیں دی جائیں گی۔

نمازیوں کو بھارتی پولیس اہلکار کی جانب سے لاتیں مارنے کی ویڈیو ایک روز قبل وائرل ہوئی تھی۔

اہلکار کی جانب سے نمازیوں کو لاتیں مارنے کی ویڈیو کو متعدد بھارتی سیاست دانوں اور صحافیوں نے شیئر کرتے ہوئے پولیس اہلکار کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں اہلکار کو نمازیوں کو اس وقت لاتیں مارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جب نمازی سجدے میں ہوتے ہیں۔

وائرل ہونے والی ویڈیو نئی دہلی کے علاقے اندر لوک کی تھی، جہاں مسلمان نماز جمعہ کی ادائیگی کر رہے تھے کہ پولیس اہلکار نے انہیں لاتیں مارنا شروع کردیں۔

اہلکار نے مسجد کے باہر روڈ پر نماز پڑھنے والے نمازیوں کو لاتیں ماریں، جس کی ویڈیو وہاں موجود دیگر افراد نے بنائی اور ویڈیو بنانے والے انہیں نمازیوں کو لاتیں مارنے سے روکتے بھی دکھائی دیے۔

تبصرے (0) بند ہیں