بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے بھارتی اسکواڈ میں شامل نہ کرنے کی افواہیں بھارتی میڈیا پر گردش کررہی ہیں۔

یاد رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 یکم جون سے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں کھیلا جائے گا۔

دی ٹیلی گراف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اختتام کے بعد جہاں بھارت کو سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف 10 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، کوہلی نے ایک سال سے زیادہ عرصے تک ایک بھی ٹی ٹوئنٹی میچ نہیں کھیلا۔

35 سالہ بلے باز نے رواں سال کے شروع میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں واپسی کی تھی جب بھارت نے افغانستان کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی تھی۔

روہت شرما نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں نصف سنچری بنائی تھی جبکہ کوہلی نے دو ٹی ٹوئنٹی میچز میں بالترتیب صفر اور 29 رنز اسکور کیے۔

ورلڈ کپ 2024 میں روہت شرما کے اسکواڈ میں شامل ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے، بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری جے شاہ نے اعلان کیا کہ 36 سالہ کھلاڑی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

تاہم انہوں نے ویرات کوہلی کے بارے میں واضح نہیں کیا، ان کا کہنا تھا کہ’ہم مناسب وقت پر ویرات کوہلی کی شرکت پر تبادلہ خیال کریں گے۔

بھارت نے 2013 سے آئی سی سی کا کوئی ٹورنامنٹ نہیں جیتا ہے، جس کے بعد سلیکشن کمیٹی ممکنہ طور پر بڑا اقدام کرنے کا سوچ رہی ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ آئی پی ایل میں کوہلی کی کارکردگی کو قریب سے دیکھا جائے گا کیونکہ سلیکٹرز کا خیال ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی ضروریات کو پورا نہیں کر پائے ہیں تاہم، آئی پی ایل میں ان کی زبردست پرفارمنس ممکنہ طور پر سلیکٹرز کو اپنا فیصلہ تبدیل کرنے پر مجبور کرسکتی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے لیے بھارتی ٹیم کے اعلان میں ابھی کچھ وقت باقی ہے، یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ 11 سالوں میں بھارت یہ ٹورنامنٹ جیتنے کے لیے کن کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل کرے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں