غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملے جاری، مزید 64 فلسطینی شہید

اپ ڈیٹ 17 مارچ 2024
غزہ میں اسرائیلی بمباری کے بعد فلسطینی ایک خاندان کے گھر کے ملبے سے نکالے گئے ایک زخمی کو اٹھا رہے ہیں، فائل فوٹو: اے ایف پی
غزہ میں اسرائیلی بمباری کے بعد فلسطینی ایک خاندان کے گھر کے ملبے سے نکالے گئے ایک زخمی کو اٹھا رہے ہیں، فائل فوٹو: اے ایف پی

غزہ میں اسرائیلی فوج کے وحشیانہ حملے جاری ہیں، صیہونی بمباری سے مزید 64 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق اسرائیل نے رات گئے دیر البلاح کے ایک مکان پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 12 فلسطینی شہید ہوگئے۔

24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں 64 فلسطینی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

دوسری جانب مصری حکام کا کہنا ہے کہ قطر میں اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں جنگ پر مذاکرات آج سے دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ 7 امدادی ٹرک جبالیہ پہنچ چکے ہیں اور 6 غزہ سٹی پہنچ چکے ہیں، 4 مہینوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ امدادی ٹرک بغیر کسی پریشانی یا مداخلت کے غزہ پہنچے ہیں۔

یونیسیف کے مطابق شمالی غزہ میں شدید غذائی قلت ایک ماہ میں دگنی ہو گئی ہے، جس میں 2 سال سے کم عمر کے ایک تہائی بچے متاثر ہوئے ہیں۔

7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 31 ہزار 553 فلسطینی ہلاک اور 73 ہزار 546 زخمی ہو چکے ہیں، حماس کے 7 اکتوبر کے حملے میں اسرائیل میں مرنے والوں کی تعداد 1,139 ہے۔

اسرائیل حماس مذاکرات آج پھرشروع ہونےکاامکان

اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی مذاکرات آج سے پھر شروع ہونے کا امکان ہے ۔ اسرائیلی مذاکراتی وفد میں موساد کے سربراہ بھی شامل ہوں گے ۔

معاہدہ ممکنہ طور پر تین مرحلوں پر مشتمل ہوگا، پہلے مرحلے میں 350 فلسطینی قیدیوں کے بدلے 35 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی ہوگی جس کے بعد حماس کی جانب سے فوجیوں کا انخلا اور محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔

مذاکرات میں قطر اور مصری حکام شریک ہوں گے، اسرائیلی میڈیا کے مطابق مذاکرات سے قبل اسرائیلی کابینہ کا اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں