وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے شمالی وزیرستان میں میر علی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے پر اظہارِ مذمت کیا ہے۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں میر علی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دشمن کو ایسا جواب ملے گا کہ ساری زندگی یاد رکھیں گے، اب وہ وقت نہیں کہ دشمن حملہ کرے اور ہم صرف مذمت کریں۔

انہوں نے کہا کہ دشمن جس طرح حملہ کر رہا ہے، اس سے کہیں سخت جواب ملے گا، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد اور پاک فوج کے ساتھ ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ہم سب دشمن کی بزدلانہ کارروائیوں کا بھرپور جواب دیں گے، میر علی میں شہادت کا بلند رتبہ پانے والے جوان پوری قوم کے ہیرو ہیں، پاکستانی قوم اپنے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بھی شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔

انہوں نے پاک فوج کے 2 افسران سمیت دیگر اہلکاروں کی شہادت پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے، ملک میں امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 2 افسران اور 5 جوان شہید ہوگئے، جبکہ جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا تھا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں 6 دہشت گردوں پر مشتمل گروہ نے پاک فوج کی سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دراندازی کی کوشش ناکام بنائی تو دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چوکی سے ٹکرا دی، اس کے بعد متعدد خودکش بم حملے ہوئے، جس کے نتیجے میں ایک عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا اور دہشتگرد حملے میں پاک فوج کے 5 جوان شہید ہوگئے۔

شہدا میں حوالدار صابر (ضلع خیبر کے رہائشی)، نائیک خورشید (ضلع لکی مروت کے رہائشی)، سپاہی ناصر (ضلع پشاور کے رہائشی)، سپاہی راجا (ضلع کوہاٹ کے رہائشی) اور سپاہی سجاد (ضلع ایبٹ آباد کے رہائشی) شامل ہیں۔

پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ کلیئرنس آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل کاشف کی قیادت میں فوجی دستوں نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے تمام 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔

تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی (عمر 39 سال، رہائشی کراچی) اور کیپٹن محمد احمد بدر (عمر 23 سال، ضلع تلہ گنگ) نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرلیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں