فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے ملٹری کمانڈر محمد الضیف نے غیر معمولی بیان جاری کرتے ہوئے مسلمانوں سے فلسطین کی جانب مارچ کرنے کی اپیل کردی۔

یروشلم اخبار کی رپورٹ کے مطابق عرب میڈیا کو جاری آڈیو بیان میں ملٹری کمانڈر نے اردن ،لبنان ، پاکستان اور ملائیشیا سمیت تمام عرب اور اسلامی ممالک کے مسلمانوں سے فلسطین کی جانب مارچ شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’کل نہیں بلکہ آج اور ابھی فلسطین کی طرف مارچ کریں، مسجد اقصیٰ کو آزاد کرانے کی جہاز میں شامل ہونے کے لیے سرحدوں اور پابندیوں کو رکاوٹ نہ بنائیں۔‘

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے رمضان کے فوری بعد رفح میں 6 ہفتوں تک حملوں کا منصوبہ بھی بنا لیا ہے۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق ان حملوں کے بعد غزہ سے فلسطینیوں کو بے دخل کیا جائے گا، بے دخلی کے بعد اسرائیل مصرکو اپنے اقدام کی باضابطہ اطلاع فراہم کرے گا۔

24 گھنٹوں میں 76 فلسطینی شہید

اُدھر اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیلی فوج کے تازہ حملوں میں مزید 76 فلسطینی شہید ہوگئے۔

جب کہ کم از کم 18 فلسطینی غزہ میں گرائی جانے والی امداد لینے کی کوشش میں شہید ہو گئے ہیں اور 6 مزید لاشیں سمندر سے نکالی گئی ہیں۔

اس کےعلاوہ رات گئے اسرائیلی فورسز نےجبالیہ پناہ گزین کیمپ سمیت شمالی غزہ پر فضائی حملے کیے ہیں، حملوں میں رہائشی عمارتوں اور جبالیہ میں برقی آلات کے مرکز کو نشانہ بنایا گیا، جس سے وہاں آگ بھڑک اٹھی۔

جب کہ اسرائیلی فورسز نے الشفاء میڈیکل کمپلیکس کے اطراف میں توپ خانے سے حملے کیے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیل نے رفح پر زمینی حملے کے لیے اپنے فوجی منصوبوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے امریکی حکام کے ساتھ دوبارہ میٹنگ کرنے کی درخواست کی ہے۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ

اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی امور کے رابطہ کی رپورٹ کے مطابق شمالی غزہ اور خان یونس میں اسرائیلی فوج اور حماس کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے، پیر اور بدھ کی درمیانی شب اسرائیلی حملوں میں تقریباً 160 فلسطینی شہید اور 195 زخمی ہوئے۔

اسرائیل کی طرف سے حال ہی میں کیے گئے حملوں میں 22 افراد شہید ہوئے، جن میں کم از کم 6 بچے اور 8 خواتین شامل ہیں، مشرقی رفح میں اسی دن ہلاک ہونے والے 7 افراد میں 4 خواتین اور ایک لڑکا بھی شامل ہے۔

پیر کے روز غزہ شہر میں الشفاء ہسپتال کے قریب رہائشی عمارت پر حملے کے نتیجے میں 5 افراد شہید ہو گئے اور منگل کو شمالی رفح میں ایک مکان پر بمباری کے نتیجے میں کم از کم 9 بچے اور 5 خواتین سمیت 18 افراد شہید ہو گئے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی امور کے رابطہ کی تازہ ترین رپورٹ میں یہ بھی خبردار کیا گیا ہے کہ غزہ کا صحت کا نظام ’تباہ‘ ہو رہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں