پاکستان کرکٹ بورڈ کی بابر کو ایک بار پھر کپتان بننے کی پیشکش

28 مارچ 2024
قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم— فائل فوٹو: اے ایف پی
قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان بابر اعظم کو ایک مرتبہ پھر قومی ٹیم کا کپتان بننے کی پیشکش کردی۔

ڈان نیوز کے مطابق بورڈ نے قومی ٹیم کی سابقہ میچوں کی پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے ٹیم کی قیادت تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

باوثوق ذرائع نے ڈان نیوز کو بتایا کہ سلیکشن کمیٹی نے شاہین آفریدی کی جگہ بابراعظم کو دوبارہ کپتان بنانے کی تجویز دی تھی اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی بھی اس مشورے سے کافی حد تک قائل نظر آتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قیادت کی پیشکش کے بعد اب کپتان بننے یا بننے کا فیصلہ بابر اعظم کے اختیار میں ہے لیکن موجودہ صورتحال میں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں ممکنہ طور پر شاہین آفریدی بطور کھلاڑی ان ایکشن ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی پیشکش پر بابر اعظم نے سوچنے کے لیے وقت مانگ لیا اور وہ اپنی فیملی اور دوستوں سے مشاورت کے بعد کوئی فیصلہ کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال قومی ٹیم کے ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ سے اخراج کے بعد بابر اعظم نے ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی20 کی قیادت سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا تھا۔

دوسری جانب شاہین کے ہاتھ سے قیادت کی منصب نکلتے دیکھ کر سابق کپتان شاہد آفریدی اپنے داماد کے حق میں بول پڑے اور انہوں نے شاہین کو کپتانی سے ہٹانے کی مخالفت کی ہے۔

شاہد آفریدی نے بورڈ کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ جس کو بھی کپتانی دی ہے اسے وقت بھی دینا چاہیے۔

دوسری جانب قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ اور سلیکشن کمیٹی کی گیری کرسٹن اور لیوک رونکی سے بات چیت جاری ہے جبکہ باؤلنگ کوچ کے لیے سابق آسٹریلین فاسٹ باؤلر جیسن گلیسپی مضبوط امیدوار ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں