پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے بلے باز بابر اعظم کو ایک بار پھر ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کا کپتان تبدیل کردیا ہے، بابراعظم نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق بابراعظم اگلے ماہ شروع ہونے والے نیوزی لینڈ کے خلاف 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں کپتانی کریں گے، پاکستان کرکٹ بورڈ باقاعدہ طور پر جلد اعلان کرے گا۔

یاد رہے کہ ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی دکھانے کے بعد 15 نومبر 2023 میں بابر اعظم نے تینوں فارمیٹس سے استعفیٰ دےدیا تھا، استعفے کے بعد پی سی بی نے ٹی 20 ٹیم کے لیے شاہین شاہ آفریدی کو کپتان مقرر کیا تھا۔

تاہم پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں لاہور قلندرز کی ٹیم کے لیے بطور کپتان ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی کپتانی خطرے میں پڑ گئی تھی۔

قومی ٹیم کے کوچز کے حوالے سے معاملات طے

دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے کوچز کے حوالے سے پی سی بی کے گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی کے ساتھ معاملات طے ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق ٹیسٹ اور وائٹ بال کے لیے الگ الگ کوچز مقرر کیے جائیں گے، گیری کرسٹن کو وائٹ بال اور جیسن گلیسپی کو ریڈ بال کرکٹ کی کوچنگ دی جائے گی، دونوں کوچز کے ساتھ مختلف امور پر بات چیت جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق اس حوالے سے جلد فیصلہ ہونے کا امکان ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں