چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسی اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججوں کے معاملے پر فل کورٹ بنائیں۔

راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا کہ عدلت کا سو موٹو لینا خوش آئند ہیں، ہمارا سپریم کورٹ سے مطالبہ ہے کہ جیسے باقی کیسز جلد سے جلد ہوگئے اس طرح 9 مئی کے کیسز کی پٹیشن پر بھی بینچ بنا کر فیصلہ کیا جائے، قومی احتساب بیورو نے قبول کیا توشہ خانہ کیس کی کوئی بنیاد نہیں، القادر یونیوسٹی کا کیس بھی چل رہا ہے، ٹرسٹی کبھی مالک نہیں ہوتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کے کیس کا فیصلہ بھی جلد کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں خدشہ ہے کہ بشری بی بی کو زہر دیا جارہا ہے اور اس کے ذمہ دار ملک کے طاقت ور حلقے ہوں گے، وہ جہاں رہ رہی ہیں وہ گھر جس کے کنٹرول میں ہے وہ لوگ ہی بی بی کی زندگی کے ذمہ دار ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ خان صاحب نے آج خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن رکوانے کی مذمت کردی ہے، اگر اسمبلی نا مکمل تھی تو اسپیکر ڈپٹی اسپیکر، وزیر اعظم کے انتخابات کیسے ہوئے؟ اس وقت الیکشن کمیشن نے ہماری بات نہیں مانی تو آج سینیٹ الیکشن کیوں روکا؟ ہم سپریم کورٹ سے استدعا کرتے ہیں کہ اس حوالے سے بھی جو پٹیشن عدالت میں دائر ہوئی اس کا فیصلہ کریں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمیں بشری بی بی کی سیکورٹی کا خدشہ ہے، وہ ایک کمرے میں اکیلے بند ہیں، بی بی نے خود میڈیا کے سامنے سب بتایا ہوا ہے، بی بی کو بنی گالہ میں کس نے رکھا؟ ان کو تو اڈیالہ جیل میں ہونا چاہیے تھا۔

پارٹی اختلافات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا اندرونی معاملہ ہے ہم اسے حل کرلیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں