ماڈل و اداکارہ حاجرہ یامین نے انکشاف کیا ہے کہ دو سال قبل کورونا کے وقت جب انہیں خطرناک ڈینگی ہوا تو ان کے انتہائی قریبی دوست بھی ان کا ساتھ چھوڑ گئے تھے۔

حاجرہ یامین حال ہی میں نادیہ خان کے رمضان شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے زندگی کے مشکل وقت کو یاد کرتے ہوئے اپنی بیماری کا واقعہ بتایا۔

اداکارہ نے بتایا کہ دو سال قبل جب کورونا پھیلا ہوا تھا، تب انہیں دوسری بار خطرناک قسم کا ڈینگی ہوا اور وہ کئی دن تک بیمار رہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ڈینگی کے دوران ڈاکٹرز نے انہیں اینٹی بائیوٹک ادویات دیں، جس وجہ سے ان کی طبیعت مزید بگڑ گئی اور انہیں ہیپاٹائٹس اے بھی ہوگیا۔

ان کے مطابق انہیں کم سے کم 15 دن تک انتہائی تیز بخار رہا اور ایک دن انہیں شدید تکلیف ہوئی تو انہوں نے ڈاکٹر سے فون پر بات کی اور ڈاکٹر نے انہیں ایمرجنسی میں آنے کا کہا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس وقت ان کے پاس اپنی گاڑی نہیں تھی، اس لیے انہوں نے اپنے انتہائی قریبی دوستوں کو گاڑی کے لیے فون کیا تو انہوں نے انہیں جواب دیا کہ اگر انہیں کورونا ہوا تو ان کا کیا ہوگا؟

حاجرہ یامین کے مطابق مشکل وقت میں ان کے اپنے بھی ساتھ چھوڑ گئے لیکن پھر جو ان کے لیے اجنبی تھے، انہوں نے ان کی مدد کی اور انہوں نے انہیں ہنگامی بنیادوں پر ہسپتال پہنچایا۔

ان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت نے انہیں لوگوں کو پہچان کروائی اور انہیں یہ جان کر حیرانگی ہوئی کہ جو لوگ خود کو صوفی کہلاتے ہیں، دراصل وہ دھوکیباز ہوتے ہیں، وہ لوگوں کے ساتھ دھوکہ کر رہے ہوتے ہیں۔

اگرچہ حاجرہ یامین نے بتایا کہ مشکل وقت میں ان کے انتہائی قریبی دوستوں نے بھی ان کا ساتھ چھوڑ دیا تھا لیکن انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں