سیکیورٹی فورسز کی پشین میں کارروائی، 3 دہشت گرد ہلاک

اپ ڈیٹ 24 اپريل 2024
آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا — فائل فوٹو
آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا — فائل فوٹو

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پشین میں آپریشن کے دوران 3 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ ایک کو گرفتار کرلیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق 22 اور 23 اپریل کی سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پشین میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جس کی شناخت افغان شہری کے طور پر ہوئی ہے۔

آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز، قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان اور شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 11 دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے 2 مختلف آپریشنز کیے، انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک آپریشن شمالی وزیرستان میں کیا گیا جہاں ایک دہشت گرد مارا گیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دوسرا آپریشن ڈیرہ اسمٰعیل میں کیا گیا جہاں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر اظہار اطمینان

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ضلع پشین میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک امن دشمن عناصر کے خلاف خارروائی جاری رہے گی۔

اپنے بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں میں اہم پیش رفت ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ سیکیورٹی ادارے عوام کےجانی و مالی تحفظ کے لئے متحرک ہیں، دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی, کامیاب آپریشن سے سیکیورٹی اداروں کا پیشہ وارانہ مورال بلند ہوا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں