وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موبائل فون چھیننے کے الزام میں گرفتار ملزمان پر پولیس وین میں تشدد کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد اہلکار کو معطل کردیا گیا۔

’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد کے سیکٹر آئی 8 سے موبائل فون چھیننے کے الزام میں گرفتار ملزمان کو پولیس وین میں تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز پولیس نے شہریوں کی جانب سے پکڑے گئے 2 موبائل چوروں کو گرفتار کیا تھا۔

پولیس اہلکاروں نے ملزمان کو تھانے لے جانے کے بجائے پولیس وین میں ہی تفتیش شروع کر دی، اس دوران شہری پولیس اہلکاروں کی جانب سے ملزمان پر کیے جانے والے تشدد کی ویڈیو بناتے رہے جسے بعد ازاں سوشل میڈیا پر اپلوڈ کردیا گیا۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) آپریشنز اسلام آباد پولیس نے معاملے کا نوٹس لے لیا اور اختیارات سے تجاوز پر اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) محمد فاروق کو معطل کردیا۔

تبصرے (0) بند ہیں