میئر کراچی کا ٹریفک روانی بحال رکھنے کیلئے تجاوزات کیخلاف روزانہ کارروائی کا حکم

24 اپريل 2024
مئیر کراچی نے بلدیاتی اداروں کو شہر قائد میں ٹریفک جام ہونے کے مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات کرنے کا حکم دیا—فائل فوٹو: پی پی آئی
مئیر کراچی نے بلدیاتی اداروں کو شہر قائد میں ٹریفک جام ہونے کے مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات کرنے کا حکم دیا—فائل فوٹو: پی پی آئی

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر میں ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے کے لیے تجاوزات کے خلاف متعلقہ ٹیموں کو روزانہ آپریشن کرنے کا حکم دیا ہے۔

مئیر کراچی نے بلدیاتی اداروں کو شہر قائد میں ٹریفک جام ہونے کے مسائل حل کرنے کے لیے اقدامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی ٹریفک کی روانی کو بحال کرنے کے لیے ہفتہ وار انسدادِ تجاوزات آپریشن کو اب روزانہ کی بنیاد پر کرے گی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آپریشن کا آغاز ساؤتھ کے علاقے صدر، لائٹ ہاؤس، ایم اے جناح روڈ، بولٹن مارکیٹ، آئی آئی چندیگر روڈ، نمائش، ایمپریس مارکیٹ، کھارادر سے کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ انسدادِ تجاوزات کی کارروائیاں روڈ پر رکھے گئے کیبن، ٹھیلوں، پتھاروں اور دکانوں کے باہر رکھے گئے سامان کے خلاف کی جائے گی۔

اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ انسدادِ تجاوزات کی کارروائیاں پورے ہفتہ جاری رہے گی، یہ کارروائیاں بلا امتیاز کی جائے گی۔

مئیر کراچی نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ایک ہفتے ساؤتھ کے علاقوں میں کی جائے گی پھر ضلع شرقی اور ضلع وسطی میں بھی کی جائے گی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ انسدادِ تجاوزات کے خلاف کیے جانے والے ڈیلی آپریشن کی نگرانی سینئر ڈائریکٹر کے ایم سی عمران راجپوت کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی میں انتظامیہ نے تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی متاثر کرنے والے پتھاروں کو ہٹانے کا فیصلہ کیا، کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی صدارت شہر میں تجاوزات کے حوالے اجلاس ہوا تھا۔

اجلاس میں انسداد تجاوزات فورس، ڈپٹی کمشنرز اور پولیس نے بریفنگ دی گئی، اجلاس میں تجاوزات کے خاتمہ کے لیے بلدیہ عظمیٰ اور متعلقہ اداروں کے تعاون اور مدد سے مؤثر اقدامات کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

اجلاس میں ٹریفک میں رکاوٹ بننے والے پتھارے داروں اور تجاوزات کی روک تھام کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں